جمعرات , جولائی 16 2026

PC اور ADB میں TASAمعاہدہ پر دستخط

حکومت  نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ (TASA) پر دستخط کر دیے ہیں۔

نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ معاہدے پر پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین اور نجکاری کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شاہد دایو نے دستخط کیے۔

دستخطی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان اختر باجوہ، سیکرٹری نجکاری ڈویژن حماد شمیمی، اے ڈی بی کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر سید حسین حیدر اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک حکومت پاکستان کو تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی شعبوں میں جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق اس شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے عالمی معیار کے ہوائی اڈہ آپریٹرز اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارکردگی، خدمات کے معیار اور طویل مدتی پائیداری میں بہتری متوقع ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ نجکاری پروگرام کے نفاذ میں ایک اہم سنگ میل ہے اور اس سے نہ صرف ایئرپورٹ کے انتظامی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی بلکہ نجی شعبے کی شراکت سے مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

نجکاری کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آؤٹ سورسنگ کا پورا عمل شفافیت، مسابقت اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا تاکہ ملک کے ہوابازی کے شعبے میں پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

وصی شاہ کی شاعری، مزاح نے محفل لوٹ لی

معروف شاعر، ادیب اور کالم نگار وسیم شاہ نے ٹی وی پروگرام میں اپنی شاندار …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے