جمعرات , جولائی 16 2026

اسپین کے ہاتھوں شکست، فرانس کی حکمت عملی پر سوال

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین کے ہاتھوں 2-0 کی شکست کے بعد فرانس کے کپتان کائلیان ایمباپے نے اپنی ٹیم کی حکمت عملی اور مجموعی کارکردگی پر کھل کر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ڈلاس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ فرانس مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب پورا نہ کر سکا۔

میچ کے بعد فرانسیسی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کائلیان ایمباپے نے کہا کہ ٹیم نہ تو حکمت عملی کے مطابق کھیل سکی اور نہ ہی تکنیکی طور پر اپنا بہترین کھیل پیش کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل جیسے بڑے مقابلے میں ایسی غلطیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔

ایمباپے نے کہا کہ فرانس کا منصوبہ اسپین پر ابتدا ہی سے دباؤ ڈالنا تھا تاکہ وہ اپنی روایتی انداز میں گیند پر کنٹرول حاصل نہ کر سکے، تاہم ٹیم اس حکمت عملی پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔

فرانسیسی کپتان کے مطابق اصل مسئلہ مڈفیلڈ میں پیدا ہوا جہاں اسپین کے روڈری، دانی اولمو اور فابیان روئز نے فرانس کے ایڈرین رابیو اور اوریلین شوامینی کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مڈفیلڈ میں تین کے مقابلے میں دو کھلاڑی ہونے کی وجہ سے اسپین کو کھیل پر مکمل گرفت حاصل رہی۔

ٹورنامنٹ میں آٹھ گول کرنے والے ایمباپے نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچنا پوری ٹیم اور قوم کا خواب تھا، لیکن اب اس ناکامی کو قبول کرتے ہوئے مستقبل کی تیاری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شکست بھی اسی وقار کے ساتھ قبول کرنی چاہیے جس وقار کے ساتھ کامیابی کا جشن منایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم اس ناکامی سے سبق سیکھے گی، آرام کے بعد دوبارہ نئی توانائی کے ساتھ میدان میں واپسی کرے گی کیونکہ فٹبال کسی کا انتظار نہیں کرتا۔

اس فتح کے ساتھ اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ فرانس اب ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

وصی شاہ کی شاعری، مزاح نے محفل لوٹ لی

معروف شاعر، ادیب اور کالم نگار وسیم شاہ نے ٹی وی پروگرام میں اپنی شاندار …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے