منگل , جولائی 7 2026

نادرا جووینائل کارڈ اجرا کا نیا طریقہ کار

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے جووینائل کارڈ (بچوں کا شناختی کارڈ) کے اجرا کا نیا طریقہ کار جاری کر دیا ہے، جس کے تحت والدین یا قانونی سرپرست چند آسان مراحل مکمل کرکے اپنے بچوں کا کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کے حصول کے لیے سب سے پہلے بچے کی نادرا میں رجسٹریشن کرانا ضروری ہوگی، جس کے بعد درخواست گزار کو ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں بچے کی تصویر اور بائیومیٹرک معلومات، جہاں قابل اطلاق ہوں، محفوظ کی جائیں گی جبکہ والدین یا قانونی سرپرست کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہوگی۔

ترجمان نادرا کے مطابق تمام معلومات کی ڈیٹا انٹری مکمل ہونے کے بعد اپروول آفیسر درخواست کی جانچ اور تصدیق کرے گا۔ منظوری کے بعد مقررہ فیس آن لائن جمع کرائی جائے گی اور مقررہ مدت میں جووینائل کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔

نادرا نے کارڈ کی مختلف سروسز کی فیس اور فراہمی کا دورانیہ بھی جاری کر دیا ہے۔ نارمل سروس کے تحت 750 روپے فیس کے عوض کارڈ 31 دن میں فراہم کیا جائے گا۔ ارجنٹ سروس کے لیے 1500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت کارڈ 23 دن میں ملے گا، جبکہ ایگزیکٹو سروس کی فیس 2500 روپے ہے اور اس کے ذریعے کارڈ صرف 9 دن میں حاصل کیا جا سکے گا۔

اتھارٹی کے مطابق جووینائل کارڈ کی درخواست بچے کے والد، والدہ یا قانونی سرپرست جمع کرا سکتے ہیں۔ اگر درخواست والدہ یا قانونی سرپرست کی جانب سے دی جائے تو ان میں سے کسی ایک کی موجودگی ضروری ہوگی۔

نادرا نے مزید بتایا کہ درخواست فارم کے ساتھ والدین یا سرپرست کے فنگر پرنٹس، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس اور بچے کے کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جووینائل کارڈ سے متعلق مزید معلومات، رہنمائی یا شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1777 یا نادرا کی سرکاری ویب سائٹ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

گیس ٹیرف بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

آئی ایم ایف کی شرط پوری نہ ہو سکی حکومت 3.44 کھرب روپے سے زائد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے