Related Articles
عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے عزم کا اعادہ
وفاقی حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 27 جون 2026 سے نافذ ہونے والی نئی قیمتوں میں کوئی اضافہ یا کمی نہیں کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں صفر روپے اضافہ یا کمی کی گئی ہے اور یہ نرخ آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہیں گے۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نہ تو کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے شعبے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ہر ممکن ریلیف پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے عوامی ریلیف کے عزم کے تحت اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔
علی پرویز ملک نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ہفتے پیٹرول کی پلیٹس قیمت 98.35 ڈالر سے کم ہو کر 91.68 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 109.09 ڈالر سے 104.79 ڈالر فی بیرل کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحان، ملکی معاشی صورتحال اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے فیصلے کر رہی ہے جن سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
UrduLead UrduLead
