
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں کھیلے گئے اہم مقابلوں میں برازیل، امریکا، مراکش اور پیراگوئے نے کامیابی حاصل کر کے اپنے اپنے گروپس میں اہم پوائنٹس سمیٹ لیے۔
گروپ سی کے میچ میں برازیل نے ہیٹی کو 0-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھی۔ برازیل نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور ہیٹی کو واپسی کا کوئی موقع نہ دیا۔

اسی گروپ کے ایک اور مقابلے میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو 0-1 سے شکست دی۔ سنسنی خیز مقابلے میں مراکش نے فیصلہ کن گول کر کے قیمتی تین پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔

گروپ ڈی میں میزبان امریکا نے آسٹریلیا کو 0-2 سے ہرا دیا۔ امریکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ہافز میں ایک ایک گول کیا اور دفاعی لحاظ سے بھی مضبوط کھیل پیش کیا۔

دوسری جانب گروپ ڈی کے میچ میں پیراگوئے نے ترکیہ کو 0-1 سے شکست دی۔ میچ کے دوران پیراگوئے کو ایک ریڈ کارڈ کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھی اور کامیابی اپنے نام کی۔

ان نتائج کے بعد برازیل، امریکا، مراکش اور پیراگوئے نے اپنے گروپس میں اہم کامیابیاں حاصل کر کے اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔
UrduLead UrduLead