
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ Mike Hesson نے کہا ہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے پیشِ نظر قومی ون ڈے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ ایک مضبوط اور متوازن اسکواڈ تشکیل دیا جا سکے۔
پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ اگلے ڈیڑھ سال کے دوران بہترین ممکنہ ون ڈے اسکواڈ تیار کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک محدود گروپ پر انحصار کرنے کے بجائے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے بینچ اسٹرینتھ مضبوط ہونا ضروری ہے۔
ہیڈ کوچ نے حالیہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیمپ کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیمپ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ٹیم کے مختلف شعبوں میں بہتری کی ضرورت کا بھی اندازہ لگایا گیا۔
مائیک ہیسن کے مطابق کئی نوجوان کرکٹرز میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، تاہم انہیں بین الاقوامی معیار تک پہنچنے کے لیے مزید محنت، وقت اور اعتماد کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئے کھلاڑی فوری طور پر کامیابی حاصل نہیں کر پاتے، اس لیے ٹیم مینجمنٹ کو ان کے ساتھ صبر اور تسلسل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ہیڈ کوچ نے مزید بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد بھی تربیتی کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ قومی ون ڈے ٹیم کو مزید مضبوط اور متوازن بنایا جا سکے۔
UrduLead UrduLead