اداکارہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ این سی سی آئی اے میں پیش

پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ آن لائن ہراسگی کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے روبرو پیش ہوگئے، جہاں دونوں فریقین سے تحقیقات جاری رہیں۔
این سی سی آئی اے لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کے وکیل عدنان احسان خان اور ان کی بہن رمشا اقبال نے دعویٰ کیا کہ معاملہ اُس وقت خراب ہوا جب مومنہ اقبال کی کہیں اور شادی طے پائی۔
وکلاء کے مطابق ثاقب چدھڑ اداکارہ سے شادی کے خواہاں تھے اور دونوں کے درمیان 2022-23 سے تعلقات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم پی اے نے باقاعدہ اداکارہ کے لیے رشتہ بھی بھجوایا، تاہم بعد میں مومنہ اقبال کو معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور اداکارہ سے تیسری شادی کرنا چاہتے ہیں، جس پر انہوں نے تعلق ختم کر دیا۔
وکلاء نے مزید الزام عائد کیا کہ مومنہ اقبال کا کسی اور جگہ رشتہ طے ہونے کے بعد لیگی ایم پی اے کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر ہراساں کیا جانے لگا۔ ان کے مطابق اداکارہ کے ہونے والے شوہر کے خلاف بھی ایک بے بنیاد مقدمہ درج کروایا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں وکلاء نے کہا کہ مومنہ اقبال کی شادی مقررہ تاریخ پر ہی ہوگی اور تمام متعلقہ دستاویزات، چیٹس، سوشل میڈیا ریکارڈ اور دیگر ثبوت این سی سی آئی اے حکام کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی افسران کی جانب سے مثبت رویہ دیکھنے میں آیا ہے اور انہیں امید ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے معاملے کا نوٹس لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال نے این سی سی آئی اے کو مبینہ ہراسگی، دھمکی آمیز پیغامات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد فراہم کیے ہیں، جن کا فرانزک اور تکنیکی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے دونوں فریقین کے بیانات قلمبند کر رہی ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے یا نہیں۔ اگر تحقیقات میں آن لائن یا زبانی ہراسگی کے الزامات ثابت ہوئے تو معاملہ قانونی کارروائی کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ، آن لائن ہراسگی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں متعلقہ اداروں سے شفاف تحقیقات اور اپنے خاندان کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
UrduLead UrduLead