
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا 44 میچز پر مشتمل مجوزہ شیڈول فرنچائزز کے ساتھ شیئر کر دیا گیا ہے جبکہ فائنل کے وینیو کا حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے سیزن 11 کے لیے مجوزہ مکمل شیڈول تیار کر کے تمام فرنچائزز کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے اور مختلف شہروں کو میزبانی دی گئی ہے۔
شیڈول کے مطابق لاہور اس سیزن میں سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کرے گا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے، جو اس ایڈیشن میں کسی بھی شہر میں ہونے والے میچز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
New look to define the #NewEra! 🏏
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 4, 2026
Presenting the most awaited HBL PSL 11 official logo. 8 teams are ready—are you?
#HBLPSL | #NewEra pic.twitter.com/iKZjnq9JPE
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 10 میچز شیڈول کیے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد کو بھی اہم میچز کی میزبانی دی گئی ہے۔ فیصل آباد میں مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے۔ کراچی میں 6 میچز جبکہ ملتان میں 4 میچز شیڈول ہیں۔
شیڈول کے مطابق پشاور کو بھی دو میچز کی میزبانی دی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر یہ میچز ملتان منتقل ہونے کا امکان موجود ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پی ایس ایل سیزن 11 کا افتتاحی میچ 26 مارچ کو کھیلا جائے گا جس میں حیدر آباد کنگز اور لاہور قلندرز مدمقابل ہوں گے۔ لیگ مرحلے کے دوران چند دن آرام کے لیے بھی مختص کیے گئے ہیں تاکہ ٹیموں کو سفر اور تیاری کا مناسب وقت مل سکے۔
شیڈول کے مطابق 7 اپریل، 21 اپریل، یکم مئی اور 4 مئی کو آرام کا دن رکھا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے کے میچز مئی کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔
پلے آف مرحلے کا آغاز 2 مئی کو راولپنڈی میں پہلے کوالیفائر سے ہوگا۔ اس کے بعد پہلا ایلیمینیٹر 3 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ایلیمینیٹر 5 مئی کو لاہور میں شیڈول ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 10 مئی کو کھیلا جانا ہے تاہم فائنل کے مقام کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فائنل میچ کے لیے لاہور کے علاوہ امریکا یا برطانیہ میں انعقاد کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کریں گے۔ پی سی بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیگ کے عالمی تشخص کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بیرون ملک فائنل کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ ملک کی سب سے بڑی ٹی ٹوئنٹی فرنچائز لیگ بن چکی ہے جس نے گزشتہ چند برسوں میں عالمی کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ لیگ میں دنیا کے کئی معروف کھلاڑی شرکت کرتے ہیں جبکہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اس ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کرتی ہے۔
UrduLead UrduLead