چاند 18 فروری کی شام نظر آنے کے امکانات

محکمہ موسمیات نے فلکیاتی حساب کتاب اور پیرامیٹرز کی بنیاد پر اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا آغاز 19 فروری 2026 بروز جمعرات سے ہونے کا قوی امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق رمضان کا چاند 18 فروری 2026 کی شام نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، جبکہ 29 شعبان 1447 ہجری بروز بدھ کو چاند کی رویت ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی۔ اس کے نتیجے میں 18 فروری (29 شعبان) کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 48 منٹ سے زائد ہوگی۔
ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 59 منٹ کا فرق متوقع ہے، جس کی وجہ سے چاند آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جو چاند کی رویت کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گا۔
یہ پیشگوئی فلکیاتی ڈیٹا پر مبنی ہے اور سپارکو سمیت دیگر اداروں کی رپورٹس بھی اسی سمت اشارہ کر رہی ہیں۔تاہم رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی جانب سے ملک بھر سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے، جہاں چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ پیشگوئی ملک بھر کے مسلمانوں کے لیے رمضان کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ حتمی تاریخ رویت کمیٹی کے اعلان کے بعد طے ہوگی۔
UrduLead UrduLead