
عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالر (تقریباً 11 ارب روپے) کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
یہ قرض صاف پانی کی فراہمی، صفائی اور شہری ترقی کے منصوبوں کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس کا مقصد بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانا اور پنجاب کے شہروں کو قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے میں مدد دینا ہے۔
عالمی بینک کے باضابطہ اعلامیہ کے مطابق یہ فنڈنگ پنجاب میں صاف پانی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے استعمال ہوگی۔ اس پروگرام سے سیلاب اور خشک سالی جیسے خطرات سے شہری آبادی کو تحفظ ملے گا جبکہ بچوں کی صحت اور تعلیم پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس منصوبے میں خواتین کی معاشرتی اور معاشی ترقی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
عالمی بینک کے مطابق خواتین کی بھرتی، فیصلہ سازی میں ان کی نمائندگی بڑھانے اور ان کے لیے خصوصی شکایتی ڈیسک قائم کرنے کے علاوہ تربیتی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔
عالمی بینک نے واضح کیا کہ یہ پروگرام مقامی حکومتوں کی مالی اور انتظامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دے گا تاکہ وہ طویل مدتی بنیادوں پر شہری خدمات کو بہتر طور پر فراہم کر سکیں۔یہ قرض پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بعد ایک اور اہم بین الاقوامی مالی امداد ہے، جو ملک کی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
UrduLead UrduLead