انگلینڈ ویمنز ٹیم 133 پر آؤٹ، 50 اوورز کا میچ پہلے ہی 31 اوورز تک محدود، اب بارش کے باعث دوبارہ وقفہ۔

کولمبو میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا میچ ایک بار پھر بارش کی نذر ہو گیا۔ پاکستان ویمنز ٹیم، جس نے 31 اوورز میں 113 رنز کے ہدف کے تعاقب کا شاندار آغاز کیا تھا، 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 34 رنز بنا چکی ہے۔ تاہم، جیسے ہی منیبہ علی اور عمائمہ سہیل اپنی پراعتماد شراکت جاری رکھے ہوئے تھیں، بارش نے ایک بار پھر کھیل میں مداخلت کر دی۔
میچ کے آغاز میں بھی شدید بارش کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا تھا، جس کے بعد اسے 50 اوورز سے کم کر کے 31 اوورز فی اننگز کر دیا گیا۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم پہلی اننگز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ پاکستانی باولرز نے بہترین کارکردگی دکھا کر حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپنرز منیبہ علی اور عمائمہ سہیل نے اعتماد سے اننگز کا آغاز کیا۔ منیبہ 13 گیندوں پر 9 رنز اور عمائمہ سہیل 17 گیندوں پر 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھیں، جب بارش دوبارہ شروع ہو گئی۔ عمائمہ نے 4 شاندار چوکے لگائے اور اپنے جارحانہ انداز سے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑنے کی کوشش کی، مگر موسم نے ایک بار پھر کھیل روک دیا۔
کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اس وقت آسمان پر گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں اور میدان کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ امپائرز نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فی الحال کھیل عارضی طور پر روک دیا ہے، تاہم بارش کی شدت برقرار ہے۔ اگر بارش نہ رکی تو میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لیوس (DLS) فارمولے کے تحت ہونے کا امکان ہے۔

میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کو موسمی حالات نے پریشان کر رکھا تھا۔ نمی اور ہوا کی تبدیلی کے باعث گیند بازوں کو گیند پر گرفت برقرار رکھنے میں دشواری ہو رہی تھی۔ پاکستانی باؤلرز نے ان حالات میں بہترین کنٹرول دکھایا، خاص طور پر اسپنرز نے درمیانی اوورز میں انگلینڈ کے بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔

پاکستان کی موجودہ رن ریٹ 6.60 ہے، جب کہ مطلوبہ رن ریٹ صرف 3.07 ہے، جس کا مطلب ہے کہ اگر کھیل دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان واضح برتری کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ اگر ڈک ورتھ لیوس سسٹم لاگو ہوا، تو پاکستانی ٹیم موجودہ اسکور کے لحاظ سے بہتر پوزیشن میں ہے۔