ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا۔
پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کھل گئی ہے، کھلاڑیوں کی کیٹیگری کا اعلان 17 دسمبر کو کیا جائے گا۔
کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا عمل رواں ماہ کیا جائے گا، پی ایس ایل پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہونا ہے، ڈرافٹ کے مقام اور وقت کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائےگا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیرنے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریڈ ونڈو کے لیے رجسٹریشن کا عمل کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل برانڈ پر ہمیں فخر ہے، 2016 میں اپنے قیام کے بعد سے اپنے فرنچائز مالکان، تجارتی شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ہم نے کامیاب سفر کا آغاز کیا ہے۔
سلمان نصیرنے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا 10 واں سیزن ہم سب کے لیے جوش و خروش لانے کا وعدہ کرتا ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم شائقین کو بے مثال تجربات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا دسواں ایڈیشن 8 اپریل سے 19 مئی 2025 کے درمیان شیڈول ہے۔