
فواد خان اور اقرا عزیز کی نئی فلم میں ایک ساتھ کاسٹنگ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں متعدد صارفین نے دونوں کے درمیان عمر کے فرق کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اور اقرا عزیز جلد ایک نئی فیچر فلم میں پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے، تاہم ان کی آن اسکرین جوڑی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان اور اقرا عزیز کو ایک نئی فیچر فلم میں مرکزی کرداروں کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے۔ یہ فلم حکومت سندھ کے تعاون سے بنائی جا رہی ہے، جس کی پروڈیوسر مائدہ عظمت جبکہ ہدایت کار مرتضیٰ چوہدری ہیں۔
دونوں فنکار اس کے علاوہ نیٹ فلکس کی آنے والی اوریجنل سیریز “جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو” کا بھی حصہ ہیں، جس کا مداح طویل عرصے سے انتظار کر رہے ہیں۔
اقرا عزیز پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور “سنو چندا”، “رنجھا رنجھا کردی”، “خدا اور محبت 3″، “منّت مراد” اور “رقیب سے” جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ دوسری جانب فواد خان “ہمسفر”، “زندگی گلزار ہے”، “داستان” اور “اکبری اصغری” جیسے مقبول ڈراموں کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔
فلم میں دونوں کی کاسٹنگ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ فواد خان اور اقرا عزیز کے درمیان عمر کا نمایاں فرق ان کی آن اسکرین کیمسٹری کو متاثر کر سکتا ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں کی جوڑی محبت کرنے والے جوڑے کے بجائے باپ بیٹی جیسی محسوس ہوگی۔ ایک اور صارف نے رائے دی کہ اقرا عزیز کا قد اور جسامت بڑی اسکرین کے لیے موزوں نہیں اور وہ فواد خان کے مقابلے میں بہت کم عمر دکھائی دیتی ہیں۔
کئی صارفین نے تجویز دی کہ اگر فلم رومانوی کہانی پر مبنی نہ ہو تو یہ کاسٹنگ قابل قبول ہو سکتی ہے، جبکہ بعض نے مایا علی یا صبا قمر کو اس کردار کے لیے زیادہ موزوں انتخاب قرار دیا۔
تاہم دوسری جانب فواد خان اور اقرا عزیز کے مداحوں کی بڑی تعداد نے اس نئی جوڑی کا خیرمقدم بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں باصلاحیت فنکار ہیں اور فلم کی کہانی اور ہدایت کاری ہی اس جوڑی کی کامیابی کا اصل فیصلہ کرے گی۔
UrduLead UrduLead