
محکمہ موسمیات نے 6 سے 8 جولائی تک کے لیے موسم کی تازہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بالائی پنجاب میں مختلف مقامات پر تیز بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت، سکردو، ہنزہ اور استور میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ درجہ حرارت 28 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، مالم جبہ، سیدو شریف، کاکول اور دیگر بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ پشاور میں درجہ حرارت 38 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے، جبکہ مالم جبہ میں نسبتاً ٹھنڈا موسم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر، مری اور گلیات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ راولاکوٹ، مظفرآباد اور مری میں موسم ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جہاں درجہ حرارت 41 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور تھٹہ میں موسم نسبتاً بہتر رہنے کی توقع ہے، تاہم سکھر، دادو، نواب شاہ اور موئن جو دڑو میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ دادو میں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع، جن میں کوئٹہ، گوادر، کلات اور تربت شامل ہیں، میں موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ سبی اور نوکنڈی میں درجہ حرارت 46 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
UrduLead UrduLead