بدھ , جولائی 22 2026

سارہ خان نے شوبز چھوڑنے کی وجہ بتا دی

پسند کی شادی کا بھی اعتراف

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابق اداکارہ اور میزبان سارہ خان شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے کا فیصلہ اپنی ذاتی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور روحانی سکون کی تلاش کے باعث کیا۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سارہ خان شاہ نے بتایا کہ شوبز چھوڑنے کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ ابوظہبی منتقل ہوگئی تھیں اور تقریباً ایک سال تک ان کا ارادہ تھا کہ وہ عوامی زندگی سے مکمل طور پر دور رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان واپسی پر ان کے ذہن میں دینی سرگرمیوں یا عوامی خطابات کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، تاہم ایک تقریب میں اپنی زندگی کے تجربات بیان کرنے کی دعوت ملی، جہاں ان کی پہلی تقریر کے بعد ان کے لیے ایک نئی راہ کھل گئی اور مختلف جامعات نے انہیں لیکچرز کے لیے مدعو کرنا شروع کر دیا۔

سابق اداکارہ کے مطابق اگرچہ شوبز چھوڑے ہوئے پندرہ سے سولہ سال گزر چکے ہیں، لیکن آج بھی یونیورسٹیوں میں طالبات ان کی زندگی کے سفر اور تبدیلی کی کہانی سننے میں خاص دلچسپی لیتی ہیں۔

حجاب اور نقاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ خان شاہ نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے اپنے سسرال کے خاندانی ماحول کی وجہ سے نقاب پہننا شروع کیا، کیونکہ ان کے شوہر کے خاندان میں خواتین پردہ کرتی تھیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے اسے اپنی ذاتی دینی وابستگی اور روحانی اطمینان کا حصہ بنا لیا۔

انہوں نے کہا کہ جب انسان کو یہ احساس ہو جائے کہ اللہ اسے جانتا اور سنتا ہے تو پھر لوگوں کی پہچان، شہرت اور مداحوں کی تعداد کی فکر کم ہو جاتی ہے۔

سارہ خان شاہ نے اپنی خاندانی زندگی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پانچ بچے ہیں، جن میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بڑے بچے اب ان کی ماضی کی شوبز زندگی سے آگاہ ہو چکے ہیں اور کبھی کبھار انہیں مذاق میں “سیلیبرٹی” بھی کہہ دیتے ہیں۔

انہوں نے اپنی پسند کی شادی کا بھی اعتراف کیا اور بتایا کہ ان کے والد نے زندگی کے ہر اہم فیصلے میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان کے بقول، شوبز چھوڑنے، بین اللسانی (آؤٹ آف کاسٹ) شادی کرنے اور بعد ازاں حجاب اختیار کرنے جیسے فیصلوں میں ان کے والد ہمیشہ ان کے حامی رہے۔

سارہ خان شاہ نے کہا کہ ان کے والد نے کبھی بیٹیوں کی پیدائش کو باعثِ افسوس نہیں سمجھا اور نہ ہی ان کی والدہ کو اس حوالے سے کوئی طعنہ دیا، جس پر وہ آج بھی انہیں بے حد عزت اور محبت کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ شوبز کو خیرباد کہنے کے فیصلے میں ان کی شادی اور ذاتی نظریاتی تبدیلی دونوں عوامل شامل تھے، جبکہ ان کے شوہر اور ان کے خاندان نے بھی اس فیصلے کو قبول کیا اور ان کی حمایت کی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

PSO تیل ذخائر میں مبینہ گڑبڑ کی تحقیقات شروع

سرکاری ملکیتی پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے مختلف ڈپوؤں میں تقریباً تین لاکھ …