جمعرات , جنوری 29 2026

مچل اسٹارک کا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا

ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستانی لیجنڈ وسیم اکرم کا دیرینہ ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔

انگلینڈ کے خلاف شاندار بولنگ کے دوران اسٹارک نے 6 وکٹیں حاصل کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ 418 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ لیفٹ آرم فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ اس طرح انہوں نے وسیم اکرم کے 414 وکٹوں کا 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

اسٹارک نے اب تک 102 ٹیسٹ میچز میں 418 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں لے کر یہ اعزاز دو دہائیوں تک اپنے نام رکھا۔

اسٹارک کا وسیم اکرم کو خراجِ تحسین

دن کے اختتام پر سابق انگلش کپتان مائیکل وان سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹارک نے بے حد عاجزی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:
“میرے لیے یہ بڑی عزت کی بات ہے، مگر حقیقت یہی ہے کہ وسیم اکرم اب بھی مجھ سے کئی درجے بہتر بولر ہیں۔ میرے نزدیک وہ لیفٹ آرم بولرز کے بادشاہ ہیں اور دنیا کے بہترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔ میں کوشش کروں گا کہ مزید محنت کر کے اپنی کارکردگی کو بہتر بناؤں۔”

وسیم اکرم کا اسٹارک کے نام جذباتی پیغام

ریکارڈ ٹوٹنے کے بعد وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر اسٹارک کی تعریف کرتے ہوئے پیغام دیا:
“سپر اسٹارک! مجھے تم پر فخر ہے۔ تمہاری محنت نے تمہیں منفرد مقام دیا ہے۔ یہ صرف وقت کی بات تھی کہ تم میری تعداد پار کر جاؤ۔ تمہارا مستقبل روشن ہے، اور میں دعا کرتا ہوں کہ تم کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھوتے رہو۔”

انگلینڈ کی بیٹنگ لائن تباہ — اسٹارک کا شاندار اسپیل

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن اسٹارک نے انگلینڈ کے بیٹرز کو پوری طرح بے بس کردیا۔ انہوں نے پہلے ہی اوور میں بین ڈکٹ کو آؤٹ کیا، پھر اولی پوپ اور ہیری بروک کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔ ہیری بروک کو آؤٹ کرتے ہوئے انہوں نے وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑا اور تاریخ میں لیفٹ آرم فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

اس سے قبل اسٹارک پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لے چکے تھے۔ موجودہ ایشیز سیریز میں ان کی کل وکٹوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے۔ اس شاندار کارکردگی کے باعث وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں 15ویں پوزیشن تک پہنچ گئے ہیں۔

اسٹارک کا کہنا ہے کہ وہ سیریز میں مزید محنت کر کے آسٹریلیا کو فتح دلانے اور عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے شائقین کو متاثر کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان-چین کے درمیان معدنی شعبے میں تعاون

مشترکہ ڈیجیٹل ای مائننگ پلیٹ فارم کا اجرا پاکستان اور چین نے معدنیات کے شعبے …