ہفتہ , جولائی 25 2026

52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کی منظوری

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا اور پارکنسن سمیت مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے 52 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی، جبکہ حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، پارکنسن اور دیگر سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے 52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی، جس کے بعد ان ادویات کی پاکستان میں قانونی فروخت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں تمام 52 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکریٹری صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

حکام کے مطابق منظور شدہ ادویات میں کینسر کے جدید علاج کے لیے استعمال ہونے والی امیونو تھراپی دوا “کی ٹروڈا” (Keytruda)، نیوو لومیب (Nivolumab)، ڈاسا تینیب (Dasatinib)، مر وپینم (Meropenem) اور انسولین سمیت دیگر اہم ادویات شامل ہیں۔ کی ٹروڈا دنیا بھر میں 20 سے زائد اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال کی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ان ادویات کی قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، جس کے بعد ڈریپ باضابطہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد متعلقہ ادویات قانونی طور پر پاکستان کی مارکیٹ میں فروخت کی جا سکیں گی۔

وزارت صحت نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ قیمتوں کی منظوری میں تاخیر کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار تھے اور انہیں غیر رجسٹرڈ، اسمگل شدہ یا مہنگی درآمدی ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا تھا۔ وزارت نے عوامی مفاد کے پیش نظر فوری منظوری کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے جدید اور معیاری ادویات کی مقامی مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی، مریضوں کو قانونی ذرائع سے علاج معالجے کی سہولت ملے گی اور غیر قانونی سپلائی چین پر انحصار میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ڈرون جنگ: عالمی توانائی کے تحفظ کے خطرات

ایران اور یوکرین کی جنگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ کم لاگت ڈرون حملے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے