
ڈیزل کی قیمت میں 31.05 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ
وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی سے 20 جولائی 2026 تک، یعنی صرف تین روز کے لیے ہوگا، جس کے بعد قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 323 روپے 30 پیسے سے بڑھا کر 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جو 31 روپے 5 پیسے یا تقریباً 9.6 فیصد اضافہ بنتا ہے۔
اسی طرح موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 310 روپے 71 پیسے سے بڑھا کر 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جس سے صارفین کو 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔

صرف تین روز کے لیے قیمتوں میں کی جانے والی یہ نظرثانی غیر معمولی قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ عموماً پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین پندرہ روزہ بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس مختصر مدت کے لیے قیمتوں میں ردوبدل کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں کی گئیں۔
ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافہ ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعتی شعبوں کے اخراجات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل مہنگی ہونے اور مہنگائی پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔
وزارتِ توانائی کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی 2026 کو رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ 20 جولائی 2026 تک نافذ العمل رہیں گی، جب تک کہ حکومت کی جانب سے کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔
UrduLead UrduLead