جمعہ , جولائی 17 2026

ڈیزل 40، پیٹرول 10 مہنگا ہونے کا امکان

حکومت کا لیوی میں کمی پر غور

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث پاکستان میں آئندہ پندرہ روزہ نظرثانی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 40 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہوا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑنے کا امکان ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بج کر 10 منٹ سے ہونے والی آئندہ پندرہ روزہ قیمتوں کی نظرثانی کے بعد کیا جا سکتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق عوام پر اضافی مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی پر غور کر رہی ہے تاکہ عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کسی حد تک محدود رکھا جا سکے۔

دوسری جانب نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قیمتوں میں اضافے سے قبل بعض عناصر کی جانب سے ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیا ہے۔

کمیٹی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ہدایت جاری کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور سپلائی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

کولیسٹرول خاموش قاتل: معمولی تبدیلیاں جان بچا سکتی ہیں

بدلتے طرزِ زندگی، غیر متوازن غذا اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی کے باعث کولیسٹرول کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے