
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کی تیاریاں مکمل
پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ ہو گئی۔ قومی اسکواڈ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براستہ دوحہ اور لندن ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوا۔
روانگی سے قبل قومی ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روزہ تربیتی کیمپ میں بھرپور پریکٹس کی، جبکہ کھلاڑیوں کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دو روزہ سیناریو بیسڈ پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا۔
پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچنے کے بعد 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی تاکہ مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 25 جولائی سے جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 اگست سے شروع ہوگا۔ دونوں میچز 10 اگست تک جاری رہنے والی سیریز کے دوران برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول میں کھیلے جائیں گے، جبکہ قومی ٹیم پورٹ آف اسپین اور ٹوروبا میں قیام کرے گی۔
پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
یہ سیریز شان مسعود کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، جو تقریباً تین سال تک قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد اب بطور کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد پاکستانی ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی، جہاں وہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز 19 اگست، 27 اگست اور 9 ستمبر سے شروع ہوں گے۔
قومی ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے اہم دورے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
UrduLead UrduLead