
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان بارش میں بھیگتے ہوئے مداحوں سے ملنے پہنچ گئیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداحوں کو بہا گئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ماہرہ خان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اپنے مداحوں سے خوش گپیاں کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ ویڈیو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 24ویں میچ کی ہے، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش سے متاثر ہوا تھا۔
تاہم اس موقع پر اسٹیڈیم میں شائقین کو اداکارہ ماہرہ خان سے ملاقات کا موقع مل گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ ان دنوں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید اپنی آنے والی فلم ’لو گرو‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ کنگز اور قلندرز کے میچ کے موقع پر اسٹیڈیم میں فلم کا ٹریلر لانچ کیا گیا۔
جہاں میچ دیکھنے آئے شایقین کو بارش کے سبب مایوسی کا سامنا کرنا پڑا وہیں فلم کا ٹریلر اور بارش میں ماہرہ خان سے خوش گپیاں لگا کر محظوظ بھی ہوئے۔
ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’لو گرو‘ عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ہے، جس میں 2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم بن روئے کی سُپر ہٹ آن اسکرین جوڑی تقریباً 10 برس بعد پھر جلوہ گر ہو رہی ہے۔