جمعرات , مئی 21 2026

غیرفعال سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بند

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس ناقابلِ رسائی ہو سکتے ہیں اگر صارفین نے فوری طور پر اپنی تفصیلات اپ ڈیٹ نہ کیں۔

پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں صارفین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو فعال اور باضابطہ رجسٹرڈ سمز سے منسلک رکھیں۔ اتھارٹی نے کہا کہ “آپ کی ڈیجیٹل شناخت آپ کی اپنی ذمہ داری ہے۔”

پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ یا بند سمز کے استعمال سے صارفین کو سیکیورٹی اور پرائیویسی کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ ایسے نمبرز سائبر کرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی اے نے ملک بھر میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سم کارڈز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سمز کے اجرا کی روک تھام اور سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ٹیلی کام فرنچائزز اور ریٹیل پوائنٹس کی نگرانی مزید سخت کی جا رہی ہے تاکہ جعلی یا غیر تصدیق شدہ شناخت پر سمز کے اجرا کو روکا جا سکے۔ پاکستان میں اس سے قبل بھی بائیومیٹرک تصدیقی نظام کے ذریعے لاکھوں غیر قانونی سمز بلاک کیے جا چکے ہیں۔

پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 19 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ واٹس ایپ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپلی کیشنز میں شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق پی ٹی اے کے حالیہ اقدامات ڈیجیٹل سیکیورٹی، صارفین کی شناخت کے تحفظ اور موبائل نیٹ ورکس کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب آن لائن فراڈ اور ڈیٹا سیکیورٹی کے خدشات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

6 ارب روپے سے زائد ٹی ایس جیز کی منظوری

پی این ایس سی کی تنظیمِ نو سمیت اہم فیصلے اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے