پیر , اکتوبر 13 2025

چینی کی ایکس مل اور پرچون قیمتوں کا تعین، نوٹیفکیشن جاری

حکومت پنجاب نے 4 ماہ کیلئے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا، چینی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

چینی کے بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت پنجاب نے بروقت اقدام کرتے ہوئے چار ماہ کے لیے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ / کین کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جولائی سے 14 اگست تک چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے اور پرچون قیمت 173 روپے فی کلو ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اگست سے 14 ستمبر تک ایکس مل قیمت 167 روپے ہوگی جبکہ چینی کی پرچون قیمت 175 روپے فی کلو ہوگی۔

15 ستمبر سے 14 اکتوبر تک چینی کی ایکس مل قیمت 169 روپے جبکہ پرچون کی سطح پر چینی 177 روپے فی کلو فروخت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اکتوبر سے چینی کی ایکس مل قیمت 171 روپے اور پرچون قیمت 179 روپے فی کلو ہوگی۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نےڈی جی فوڈ کو مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ملک سے 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس چھوٹ کی اجازت نہ ملنے پر حکومت نے چینی برآمد روک دی تھی۔

گزشتہ ہفتے ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ منگل کو چینی کی ریٹیل قیمت کے تعین پر حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے تھے۔

اس سے قبل پیر 14 جولائی کو حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان چینی کی ایکس مل قیمت پر معاملات طے پا گئے تھے اور چینی کی ایکس مل قیمت165 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

چینی کا شعبے ڈی ریگولیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے لیے وزیر توانائی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی،

سیکریٹری صنعت و پیداوار کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ وزیر خزانہ، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزیر اقتصادی امور سمیت دیگر وزرا کمیٹی کے ارکان ہوں گے، کمیٹی شوگر سیکٹر میں اصلاحات اور نجکاری کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گی۔

کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آرز) میں کہا گیا ہےکہ کمیٹی وفاقی اور صوبائی سطح کے تمام موجودہ قوانین، قواعد و ضوابط اور پالیسیوں کا جائزہ لے گی، جن کا تعلق چینی کی پیداوار، درآمد، برآمد، قیمتوں کے تعین، سبسڈی اور ذخیرہ اندوزی سے ہوگا۔

ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی اجناس کے ذخائر، رسد اور قیمت سے متعلق ڈیٹا کی درستی، کسانوں کے مفادات، صارفین کے حقوق، مقامی ضرورت اور تجارتی تقاضوں کے تحت پالیسی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔

کمیٹی صارفین کے تحفظ اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے خطرے سے بچائو کے لیے پالیسی سفارشات مرتب کرے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی نجکاری کے عمل کو شفاف اور مربوط بنانے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز، بشمول صنعت کاروں، کسانوں اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ مشاورت کرے گی، ٹی او آر کمیٹی تیس روز کے اندر وزیراعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …