منگل , اگست 25 2026

پنجاب بھر میں اسکول تین ماہ بعد دوبارہ کھل گئے

طلبہ و اساتذہ کی واپسی پر رونق بحال

طویل موسمِ گرما کی تعطیلات کے اختتام کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو گئیں۔ 22 مئی سے 23 اگست تک جاری رہنے والی طویل چھٹیوں کے بعد اسکولوں، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں معمول کی کلاسز کا آغاز ہو گیا۔

تین ماہ کے طویل وقفے کے بعد کلاس رومز ایک بار پھر آباد ہو گئے، جبکہ طلبہ اپنے ہم جماعتوں اور اساتذہ سے دوبارہ ملاقات پر خوش دکھائی دیے۔

وزیرِ تعلیم کی ہدایات اور سوشل میڈیا پر وضاحت

پنجاب حکومت نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر رواں سال قریباً تین ماہ کی طویل تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکول کھلنے سے قبل ہی متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ کلاس رومز، واش رومز اور کھیل کے میدانوں کی صفائی کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مون سون کے پیشِ نظر نکاسیِ آب کے نظام کو چیک کیا جائے اور ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔

اس سے قبل تعطیلات کے دوران سوشل میڈیا پر چھٹیوں میں توسیع سے متعلق مختلف افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، جنہیں حکومتی حکام وقتاً فوقتاً بے بنیاد قرار دیتے رہے۔ اسی طرز پر رواں سیزن میں بھی حکومت نے عوام سے اپیل کی تھی کہ اسکول کھلنے کی تاریخ سے متعلق صرف سرکاری طور پر جاری کردہ شیڈول پر ہی اعتماد کیا جائے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق 23 اگست کے بعد تعطیلات میں مزید توسیع کی کوئی تجویز زیرِغور نہیں تھی، اور طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی آج تمام ادارے کھل گئے۔

نجی اسکولوں کی جانب سے قبل از وقت کھولنے کا مطالبہ

قابلِ ذکر ہے کہ تعطیلات کے دوران نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان نے صدر ملک عبدالصمد کی زیرِ صدارت اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ طویل تعطیلات سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر نجی اسکولوں کو 3 اگست سے ہی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جائے۔ تاہم حکومت نے اس تجویز پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور واضح کیا کہ کوئی بھی ادارہ سرکاری شیڈول سے پہلے کلاسز شروع نہیں کر سکتا۔

اسکول روٹس پر ٹریفک کا دباؤ، وارڈنز تعینات

تعلیمی ادارے کھلنے کے پہلے روز لاہور سمیت صوبے کے بڑے شہروں میں سڑکوں اور اسکول روٹس پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تین ماہ سے نسبتاً سنسان رہنے والے اسکول روٹس پر والدین، طلبہ اور اسکول وینز کی آمدورفت یکدم بڑھ گئی ہے۔

ٹریفک پولیس نے اسکولوں کے اطراف روانی برقرار رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں پر اضافی وارڈنز تعینات کر دیے ہیں اور رش کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ والدین اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکول اوقات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔

سو فیصد حاضری اور صحت کے اقدامات کی ہدایت

محکمہ تعلیم نے پنجاب بھر کے اداروں میں اساتذہ اور عملے کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اسکول کھلنے سے قبل صفائی ستھرائی، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور دیگر سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کے علاوہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مچھروں کی افزائش گاہوں کے خاتمے جیسے اقدامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

روزانہ ٹماٹر کھانے کے حیران کن فوائد

بلڈ پریشر اور دل کی صحت کے لیے بھی مفید ٹماٹر روزمرہ کھانے میں شامل …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے