منگل , ستمبر 8 2026
بریکنگ نیوز

‘شیدائی’ کی کہانی، میرال پر ناظرین کی شدید تنقید

جیو ٹی وی کا مقبول ڈرامہ سیریل “شیدائی” ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے باوجود اپنی سست رفتار کہانی اور مرکزی کردار میرال کی پیشکش پر شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔

فیروز خان اور سحر ہاشمی کی مرکزی کرداروں پر مبنی ڈرامہ، جسے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے پیش کیا ہے، اب تک 26 اقساط نشر کر چکا ہے۔ ڈرامے کی کہانی اس وقت میرال اور علی کی ازدواجی زندگی کے گرد گھوم رہی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر متعدد ناظرین نے موجودہ پلاٹ کو غیر ضروری طور پر طول دینے پر اعتراض اٹھایا ہے۔

ناظرین کا کہنا ہے کہ میرال کے کردار کی مسلسل ایک جیسی پیشکش نے ڈرامے کی دلچسپی کم کر دی ہے۔ کئی صارفین نے رائے دی کہ اگر مرکزی کرداروں کے درمیان محبت کی کہانی کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جاتا تو ڈرامہ زیادہ متاثر کن ثابت ہو سکتا تھا۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا، “پتا نہیں یہ ڈرامہ کس کے ہاتھ لگ گیا ہے، اب اسے دیکھنے میں کوئی مزہ نہیں رہا اور میرال کی غیر سنجیدہ حرکات ناقابل برداشت ہو چکی ہیں۔”

ایک اور صارف نے ڈرامے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، “لکھائی، ہدایت کاری اور اداکاری، سب کچھ مایوس کن ہے۔”

ایک تبصرے میں کہا گیا کہ “میرال کی شادی سے پہلے کی اداکاری بہتر تھی، لیکن اب ان کا کردار مکمل طور پر کمزور دکھائی دیتا ہے۔”

بعض ناظرین نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ ڈرامہ نوجوان لڑکیوں کو غلط پیغام دے رہا ہے، جبکہ کئی افراد نے مطالبہ کیا کہ کہانی کو مزید طول دینے کے بجائے جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

واضح رہے کہ “شیدائی” کی کہانی ثقلین عباس نے تحریر کی ہے، ہدایت کاری علی فیضان نے دی ہے، جبکہ اسے عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے۔ ڈرامے کی کاسٹ میں بشریٰ انصاری، محمود اسلم، زینب قیوم اور توصیق حیدر بھی شامل ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان کا موسم دکھاتا نقشہ، دھوپ اور بادلوں کے ساتھ شمالی پہاڑی علاقوں میں ممکنہ بارش

پاکستان کا موسم: ملک بھر میں گرمی و حبس برقرار، شمالی علاقوں میں آئندہ ہفتے بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار موسمی جائزے کے مطابق ملک کے …