اتوار , جولائی 19 2026

ویمن کرکٹ ٹیم کے ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان

ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں آٹھ نئی تبدیلیاں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ویمن ٹیم کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں فارمیٹس کے لیے 15،15 کھلاڑیوں پر مشتمل الگ الگ اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کے مقابلے میں آٹھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی، تاہم وہ ون ڈے سیریز کے اختتام پر انگلینڈ میں منعقد ہونے والے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔ ان کی عدم موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منیبہ علی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکیں۔

دوسری جانب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ ون ڈے اسکواڈ میں شامل ماہم انیس اور سائرہ جبین کو اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کا موقع نہیں ملا۔

پاکستان ویمن ون ڈے اسکواڈ

فاطمہ ثناء (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ

منیبہ علی (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔

ادھر دورۂ سری لنکا کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں جاری قومی ویمن ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ اتوار کو اختتام پذیر ہوگا۔ کیمپ کے دوران ٹیم مینٹور اور کیمپ کمانڈنٹ وہاب ریاض کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے جسمانی فٹنس، فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی بھرپور مشقیں کیں تاکہ سیریز کے لیے بہترین تیاری یقینی بنائی جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

دل کے مریضوں کے لیے مفید یا نقصان دہ؟

پاکستان میں شدید گرمی اور حبس کے موسم میں لیموں سے تیار کی جانے والی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے