اداکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی انتہائی خوبصورت لگتی ہے، کیوں دونوں ہی بہت پیارے ہیں اور جب دونوں اسکرین پر نظر آتے ہیں تو دیکھنے والوں کو جادو سا احساس ہوتا ہے۔
صنم سعید نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کو بہترین قرار دیتے ہوئے ان کے رومانس کو اسکرین پر جادو قرار دیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کے برعکس جب وہ فواد خان کے ساتھ اسکرین پر نظر آتی ہیں تو لوگوں کو جادو سا احساس نہیں ہوتا اور ان کی جوڑی اتنی اچھی نہیں لگتی۔
صنم سعید نے کہا کہ انہیں خود بھی یقین نہیں ہو رہا کہ وہ اور فواد خان 12 سال بعد دوبارہ اسکرین پر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا لیکن ابھی ایک دہائی سے زائد عرصے بعد جب وہ ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے تو شائقین کو جھٹکا لگے گا۔
صنم سعید کے مطابق وہ اداکار ہیں اور انہیں ہر طرح کے کردار کرنے ہوتے ہیں اور دیکھنے والوں کو بھی انہیں بطور اداکار دیکھنا چاہیے، انہیں سمجھنا ہوگا کہ ہر اداکار ہر بار محبت کرنے والے کرداروں میں نظر نہیں آ سکتا۔
انہوں نے ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دونوں اسکرین پر کام کرتے ہیں تو دیکھنے والوں کا جادو کا احساس ہوتا ہے، ان کی جوڑی اچھی لگتی ہے، وہ دونوں جوڑی اور محبت کرنے والے کرداروں میں ہی اچھے لگتے ہیں۔
صنم سعید کے مطابق ماہرہ خان اور فواد خان دونوں ہی خوبصورت اور پیارے ہیں، اس لیے ان کی جوڑی اچھی لگتی ہے لیکن ان کے ساتھ فواد خان کا نطر آنا مختلف ہوسکتا ہے، لازمی نہیں ہیں کہ وہ دونوں ہمیشہ جوڑی کی صورت میں ہی نظر آئیں۔
خیال رہے کہ صنم سعید اور فواد خان کی ویب سیریز برزخ کو گزشتہ ہفتے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا، ویب سیریز کی ہر ہفتے ایک قسط ریلیز کی جائے گی، رواں ہفتے اس کی دوسری قسط ریلیز ہوگی۔
دونوں نے اس سے قبل 2012 میں زندگی گلزار ہے نامی ڈرامے میں کام کیا تھا اور اب 12 سال بعد پہلی بار وہ اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیے ہیں۔
برزخ میں دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کے کرداروں کے بجائے سوتیلے بہن اور بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔