وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ ہم نے عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
کل وزیر اعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرکے وعدہ پورا کردیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ہم نے فاضل بجلی کی قیمتیں انتہائی کم کردی ہے۔ صنعتوں سمیت تمام صارفین کو فی یونٹ 26 روپے ریلیف دیا جائے گا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ سستی بجلی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، سردیوں میں مہنگی گیس کی جگہ شہریوں کو سستی بجلی دستیاب ہوگی۔
بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اس پیکج کو ایک بار آزمانا ضروری ہے۔ اگلے دو تین ماہ میں اس پیکج کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔
وفاقی وزیر توانائی کا یہ بھی کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی ماضی میں انتہائی بدانتظامی کا شکار رہی ہے۔ کمپنی کے منصوبے برسوں تاخیر کا شکار ہوئے۔ 4 ارب روپے لاگت کے منصوبے 14 ارب روپے میں مکمل ہوئے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی میں چند بنیادی نقائص موجود ہیں۔ کابینہ نے این ٹی ڈی سی کو 3 اداروں میں تقسیم کی منظوری دے دی ہے۔