پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو سعودی عرب کے خلاف قطر میں ویمن فٹبال ٹیم کے فرینڈلی میچ کے لیے این او سی کے اجرا سے قبل ضروری دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے 7 نومبر کو این او سی کے لیے خط لکھا تھا لیکن اس میں مکمل تفصیلات شامل نہیں کی گئی تھیں۔
پی ایف ایف نے پی ایس بی کو بھیجے خط میں درخواست کی تھی کہ ٹائم لائن قوانین میں نرمی کرتے ہوئے جلد این او سی جاری کیا جائے،
تاہم اس خط کے ساتھ پی ایف ایف نے پلیئرز کے نام اور دیگر ضروری تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
پی ایس بی نے پی ایف ایف پر جوابی خط کے ذریعے واضح کیا کہ پلیئرز کی مکمل تفصیلات، میزبان ملک سے موصولہ دعوت نامہ اور فیڈریشن کی انڈر ٹیکنگ سمیت دیگر ضروری دستاویزات فراہم کیے بغیر این او سی کا اجرا ممکن نہیں۔