انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی دبئی میں ہونیوالی بورڈ میٹنگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ اور اس کے سیکریٹری جے شاہ نے آئی سی سی کی سربراہی 6 سال تک اپنے پاس رکھنے کا منصوبہ بنالیا۔
آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے حوالے سے پریس ریلیز جاری کردی گئی، تایم حیران کن طور پر پریس ریلیز میں پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی 2025 کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی ایونٹ کے شیڈول پر کوئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اجلاس میں آئی سی سی نے ویمن کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایسوی ایٹس ممبران کی سیریز کروانے کا فیصلہ کیا اور مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں ویمن ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔
آئی سی سی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین اور آزاد ڈائریکٹر کی مدت ملازمت 3 سال سے بڑھا کر 6 سال کرنے کی تجویز پیش کردی گئی، آئی سی سی کے مطابق اس معاملے پر حتمی فیصلہ بورڈممبران کریں گے۔
واضح رہے کہ اگست میں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے تھے جس سے بھارت کی کرکٹ پر پہلے سے جاری اجارہ داری مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔
آئی سی سی کی تاریخ کے سب سے کم عمر چیئرمین منتخب ہونے والے جے شاہ رواں سال دسمبر میں موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے جنہوں نے تیسری بار چیئرمین کا عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جے شاہ نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کھیل کے عالمی سطح پر مزید فروغ کے لیے آئی سی سی کی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے وزیر داخلہ اور دایاں بازو تصور کیے جانے والے امیت شاہ کے 35سالہ بیٹے جے شاہ کا اس عہدے پر تقرر کھیل پر بھارت کے تسلط کو ظاہر کرتا ہے۔
جے شاہ 2019 میں دنیا کے طاقتور ترین کرکٹ بورڈ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سیکریٹری بن گئے تھے۔
2018 کی آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق اربوں روپے کا منافع کمانے والے اس کھیل کا زیادہ تر منافع کا 90فیصد حصہ برصغیر کے شائقین کی بدولت کمایا جاتا ہے۔
آئی سی سی کھیل کی عالمی گورننگ باڈی ہے اور 100 سے زیادہ ممالک اس کے رکن ہیں اور وہ ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس کے انعقاد کی ذمہ دار ہے۔
جے شاہ نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے کھیل کی محبت کے فروغ کے لیے نئی سوچ اور جدت کو اپنانا چاہتے ہیں۔