انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن قومی ٹیم پہلی اننگز میں 366 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،
ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے کامران غلام 118 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے گزشتہ روز 37 رنز بنائے تھے اور وہ اپنی اننگز میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے
جب کہ سلمان آغا نے کل کی اننگز میں 26 رنز کا اضافہ کیا اور 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ساجد خان صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آل راؤنڈر عامر جمال اور نعمان علی نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، عامر جمال 37 اور نعمان علی 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ زاہد محمود 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کرس 3، میتھیو پوٹس 2 اور شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔