google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پہلی نیٹ فلیکس سیریز میں کام کرنے کی وجہ سے ان پر پریشر ہے: ہانیہ عامر - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

پہلی نیٹ فلیکس سیریز میں کام کرنے کی وجہ سے ان پر پریشر ہے: ہانیہ عامر

اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز میں بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے ان پر پریشر ہے، تاہم ساتھ ہی چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ مذکورہ سیریز میں فواد خان کی جوڑی کے طور پر دکھائی دیں گی۔

حال ہی میں ہانیہ عامر نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ سمیت بھارتی ریپر بادشاہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر کھل کر بات کی۔

اسی انٹرویو میں انہوں نے پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز سے متعلق بھی کچھ بات کی، تاہم انہوں نے سیریز کے حوالے سے کھل کر بات کرنے سے گریز کیا۔

ہانیہ عامر کے انٹرویو کی وائرل ہونے والی ایک کلپ میں انہیں نیٹ فلیکس کی پہلی پاکستانی سیریز پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ اتنے بڑے اداکاروں کی کاسٹ پر مبنی ویب سیریز کا حصہ بننے پر کیا محسوس کرتی ہیں، ان پر کتنا پریشر ہے؟

اس پر ہانیہ عامر نے اعتراف کیا کہ فواد خان، ماہرہ خان اور احد رضا میر جیسے اداکاروں کی کاسٹ پر مبنی سیریز میں کاسٹ کیے جانے پر ان پر پریشر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور خوشحال خان مذکورہ سیریز کی کاسٹ میں سب سے کم عمر ترین اداکار ہیں جب کہ اقرا عزیز بھی قدرے کم عمر ہیں لیکن ان سے متعلق زیادہ جانتی ہیں۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ احد رضا میر، فواد خان اور ماہرہ خان جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے ان پر پریشر ہے، انہیں نہیں پتا کہ کام کیسے ہوگا اور وہاں کیا ہوگا لیکن وہ پریشر میں ضرور ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ویب سیریز میں فواد خان کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گی؟ یا وہ ان کی جوڑی کے طور پر کام کریں گی تو اداکارہ نے اس پر مزید بات کرنے سے معذرت کرلی۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ وہ نیٹ فلیکس سیریز پر بات نہیں کرسکتیں، تاہم فواد خان کے ساتھ رومانس کرنے کے سوال پر وہ مسکراتی رہیں۔

میزبان نے ان سے پوچھا کہ فواد خان اور ان کی عمر میں ایک پوری نسل کا فرق ہے؟ وہ کیسے کام کریں گے؟ اس پر ہانیہ عامر مسکراتی رہیں اور کوئی واضح جواب نہ دیا۔

ہانیہ عامر کی جانب سے فواد خان کے ساتھ ویب سیریز میں رومانس کے سوال کا جواب نہ دیے جانے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ فواد خان کا مخالف کردار ادا کریں گی۔

پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو بنانے کی تصدیق گزشتہ برس اگست میں کی گئی تھی۔

ویب سیریز کی کہانی اسی نام سے شائع ہونے والے فرحت اشتیاق کے ناول سے ماخوذ ہوگی اور اس کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی میں بھی کی جائے گی۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ ناول کی کہانی سکندر نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو معروف ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہوتا ہے مگر اس کی زندگی میں کئی منفرد موڑ آتے ہیں اور ان کی زندگی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب یورپی ملک اٹلی میں ان کی ملاقات لیزا نامی ایک آرٹسٹ سے ہوتی ہے، جن کا ماضی انتہائی درد ناک ہوتا ہے۔

ویب سیریز میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، ہانیہ عامر، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا، اقرا عزیز اور ثمینہ احمد کو کاسٹ کرنے کی خبریں ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …