وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں گندم اسکینڈل سے متعلق قائم کمیٹی کی جانب سے رپورٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی معاشی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال ہو گا، ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق اور 7 نکاتی ایجنڈا بھی زیرِ غور آئے گا۔
ایجنڈے میں نجی ایئر لائن کو غیر ملکی پروازوں کو اجازت دینے، کمبوڈیا سے تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے کی منظوری بھی شامل ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل اسپیشل ایجوکیشن کی وزارتِ انسانی حقوق سے وزارتِ تعلیم کو منتقلی بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں برطانیہ اور آئر لینڈ سے قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ اور بلوچستان میں حساس اداروں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیرِغور آئے گا۔
وزارتِ مذہبی امور اور سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور میں معاہدے کی منظوری بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
وفاقی کابینہ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لے گی۔