google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 فہد مصطفیٰ کے والد کے ضامن بننے پر رشتہ دیا گیا: علی گل ملاح - UrduLead
پیر , مارچ 31 2025

فہد مصطفیٰ کے والد کے ضامن بننے پر رشتہ دیا گیا: علی گل ملاح

معروف ڈرامے ’عشق مرشد‘ کے ڈائلاگ ’بھلے‘ سے شہرت حاصل کرنے والے کامیڈین علی گل ملاح نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اداکار ہونے کی وجہ سے لڑکی والوں نے انہیں رشتہ دینے سے انکار کردیا تھا لیکن فہد مصطفیٰ کے والد کے ضامن بننے پر رشتہ دیا گیا۔

علی گل ملاح نے حال میں متھیرا کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ہوئی اور بچپن میں ہی ان کی والدہ انتقال کر گئی تھیں۔

ان کے مطابق ان کی ایک سگی بہن بھی ہیں اور والدہ کے انتقال کے بعد والد نے دوسری شادی کرلی، جہاں سے انہیں دوسرے بچے بھی ہوئے۔

کامیڈین کے مطابق وہ اپنی والدہ کے بہت قریب تھے، ان کے انتقال کے بعد ان کی زندگی بدل گئی، انہیں ہر کوئی مارنے، طعنے دینے اور نظر انداز کرنے لگا، جس کے بعد انہوں نے بچپن میں ہی کامیڈی کرکے اپنے دکھ برداشت کرنا سیکھا۔

علی گل ملاح کا کہنا تھا کہ بچپن میں انہیں فلم اسٹار ندیم بہت پسند تھے، ان کی فلم ’دل لگی‘ دیکھ کر انہوں نے اداکار کی طرح گیراج میں کام کرنا بھی شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں ہی جیکب آباد میں تھیٹرز ڈرامے کرنے پر انہیں کبھی کبھار چائے اور کھانے جتنے پیسے مل جایا کرتے تھے لیکن غربت اور لوگوں کی نفرت کی وجہ سے انہوں نے ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی لیکن انہیں ایک تھیٹر لکھاری حمید بھٹو نے بچالیا۔

کامیڈین کا کہنا تھا کہ اداکاری کرنے کے لیے وہ 1996 میں کراچی آگئے اور کئی سال تک سخت مالی مشکلات برداشت کیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں رہنے کے دوران ان کے پاس فلیٹ کا کرایہ دینے کے لیے ماہانہ 500 روپے تک نہیں ہوتے تھے۔

علی گل ملاح کے مطابق اداکاری کرنے کی وجہ سے لڑکی والوں نے انہیں رشتہ دینے سے بھی انکار کردیا تھا، حالانکہ لڑکی والے ان کے ماموں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ماموں اداکار صلاح الدین تنیو کے بڑے مداح تھے، اس لیے وہ رشتہ لینے کے لیے انہیں لے گئے۔

ان کے مطابق فہد مصطفیٰ کے والد صلاح الدین تنیو کی ضمانت پر ہی ماموں نے انہیں بیٹی کا رشتہ دیا اور اب انہیں تین بچے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کےبڑے بیٹے یونیورسٹی میں سائبر سیکیورٹی جب کہ ایک بیٹا اور بیٹی کالج میں زیر تعلیم ہیں اور سب سے چھوٹے بیٹے کو اداکاری کا شوق ہے۔

’بھلے‘ کے ڈائلاگ کے حوالے سے علی گل ملاح نے بتایا کہ وہ سندھی زبان میں اپنی مزاحیہ یوٹیوب ویڈیوز میں ’بھلے‘ کا ڈائلاگ بولتے رہتے تھے، جسے کافی پسند کیا گیا اور ’عشق مرشد‘ کے ہدایت کار فاروق رند نے ان کی ’بھلے‘ کی ویڈیوز دیکھ رکھی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فاروق رند نے انہیں ’عشق مرشد‘ کے ایک منظر کے لیے بلایا اور کہا کہ ان کا کردار اسکرپٹ میں لکھا ہوا نہیں، صرف ایک منظر میں سبزی والے کا ذکر ہے، جس میں ہدایت کار چاہتے ہیں کہ وہ منظر علی گل ملاح کریں اور اس دوران وہ اپنا ڈائلاگ ’بھلے‘ بھی بولیں۔

علی گل ملاح کے مطابق ان کے ڈائلاگ بولنے کو پسند کیا گیا، جس کے بعد وہ شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچے اور انہیں دنیا بھر میں پسند کیا جانے لگا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے 9 سے 19 اپریل تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے