google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 کیپ ٹاؤن ٹیسٹ دوسرا دن: جنوبی افریقا کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار - UrduLead
پیر , جنوری 6 2025

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ دوسرا دن: جنوبی افریقا کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی پہلی اننگز میں 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے۔ پاکستان کے تین بیٹرز پویلین لوٹ گئے ہیں۔

دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 64 رنز بنا لیے ہیں، بابراعظم 31 جب کہ رضوان نو رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کو 551 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے جینسن نے ایک جب کہ رباڈا نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوئی، مہمان ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان ریکلٹن 259، ٹمبا باؤما 106، کائل ویرین 100 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گر گئی، جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مرکرم 17 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے ویان مُلڈر بھی 5 رنز بنانے کے بعد 70 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ تیسرے نمبر پر آنے والے ٹرسٹن اسٹبز کھاتہ کھولے بغیر ہی آغا سلمان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد پروٹیرز کے کپتان ٹمبا باووما اور ریان رکلٹن نے چوتھی وکٹ پر 235 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لے آئے، ٹیمبا باووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ریان رکلٹن نے نہ صرف پہلی ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ کریئر بیسٹ 259 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ویرین نے بھی شاندار اننگز کھیل کر اپنی چوتھی سنچری مکمل کی، مارکرو جانسن نے 62 اور کیشو مہاراج نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جب کہ خرم شہزاد اور میر حمزہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے پہلے روز ابتدائی اوورز میں پاکستانی بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہوگئے، شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔

قبل ازیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ باؤلر میر حمزہ کو شامل کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران مغل، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل طور پر کاربند ہیں: وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) نہ کھلنے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے