ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگری تصدیق کے آن لائن پورٹل میں وزارت خارجہ کی تصدیق کا آپشن شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے طلبہ کو ڈگریوں کی تصدیق کے عمل میں مزید سہولت فراہم کی جا سکے گی۔

رپورٹ کے مطابق ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ نئے فیچر کے تحت طلبہ سے ڈگری کی تصدیق کے لیے درخواست دیتے وقت پوچھا جائے گا کہ آیا انہیں وزارت خارجہ سے بھی تصدیق درکار ہے یا نہیں۔

اس سہولت کے ذریعے درخواست کے ابتدائی مرحلے میں ہی وزارت خارجہ کی تصدیق کی ضرورت کی نشاندہی ہو سکے گی، جس سے بعد کے مراحل میں اضافی کارروائی اور غیر ضروری تاخیر سے بچنے میں مدد ملے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ڈگریوں کی تصدیق اور ویریفیکیشن کا عمل تیز ہوگا جبکہ طلبہ کے وقت اور محنت کی بچت کے ساتھ غیر ضروری پریشانی بھی کم ہو گی۔

ایچ ای سی کا یہ اقدام خدمات کو مکمل طور پر آن لائن منتقل کرنے اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت نظام کو مزید مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔