ترکیہ کے تاریخی شہر استنبول میں واقع عالمی شہرت یافتہ آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے پوشیدہ سرنگوں، زیرِ زمین کمروں، قدیم آبی گزرگاہوں اور ایک تاریخی مقبرے کے آثار دریافت ہوئے ہیں، جس سے اس تاریخی عمارت کے ماضی کے حوالے سے نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔
ترک حکام کے مطابق فروری 2025 میں شروع ہونے والے بحالی اور تحقیقاتی منصوبے کے دوران آیا صوفیہ کے سابق صحن (ایٹریئم) کے نیچے موجود زیرِ زمین حصوں کی صفائی اور کھدائی کے دوران یہ آثار دریافت ہوئے۔ اب تک چھ زیرِ زمین کمرے اور انہیں آپس میں ملانے والی نو سرنگوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق دریافت ہونے والے آثار میں پانی کی قدیم گزرگاہیں اور ایک زیرِ زمین مقبرہ بھی شامل ہے، جسے تاریخی اصطلاح میں ہائپوجیئم کہا جاتا ہے۔
420 میٹر طویل سرنگوں کی صفائی
ترک وزارت ثقافت و سیاحت کے مطابق اب تک تقریباً 420 میٹر طویل زیرِ زمین سرنگوں سے ملبہ صاف کیا جا چکا ہے، جبکہ ویزیر باغ اور مغربی باغ کے علاقوں سے تقریباً 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹایا گیا ہے۔
دریافت ہونے والی سرنگوں میں سب سے طویل سرنگ تقریباً 180 میٹر لمبی ہے، جسے تحقیقاتی ٹیم نے ٹنل فور کا نام دیا ہے۔ یہ سرنگ آیا صوفیہ کی داخلی دیوار کے متوازی واقع ہے۔
ماہرین اس سرنگ کے قدیم رومی سڑک، جسے رومن روڈ آف قسطنطنیہ کہا جاتا ہے، سے ممکنہ تعلق کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق زیرِ زمین راستوں کا نظام موجودہ دریافتوں سے کہیں زیادہ وسیع ہوسکتا ہے اور اس کے مزید حصے سامنے آنے کا امکان ہے۔
آیا صوفیہ سے بھی قدیم آثار ملنے کا امکان
اس دریافت کا سب سے اہم پہلو زیرِ زمین مقبرے کے آثار ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہاں موجود بعض تعمیراتی تہیں موجودہ آیا صوفیہ کی عمارت کی تعمیر سے بھی پہلے کے زمانے سے تعلق رکھ سکتی ہیں۔
اگر مزید تحقیق سے اس کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ دریافت اس مقام کی تاریخ کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
آیا صوفیہ کی تعمیر بازنطینی شہنشاہ جسٹنیئن اول کے دور میں 532 عیسوی میں شروع ہوئی اور 537 عیسوی میں اسے گرجا گھر کے طور پر مکمل کیا گیا۔
1453 میں سلطان محمد فاتح کی قیادت میں سلطنت عثمانیہ نے قسطنطنیہ فتح کیا، جس کے بعد آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کردیا گیا۔ بعد ازاں اسے عجائب گھر بنایا گیا، جبکہ 2020 میں دوبارہ مسجد کی حیثیت دے دی گئی۔
جدید ٹیکنالوجی سے زیرِ زمین نظام کا جائزہ
ماہرین زیرِ زمین سرنگوں، کمروں اور آبی گزرگاہوں کی مکمل ساخت اور تاریخی اہمیت جاننے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں تھری ڈی لیزر اسکیننگ کے ذریعے زیرِ زمین راستوں کا نقشہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ ان کی لمبائی، ساخت اور باہمی رابطوں کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکے۔
ترک حکام کے مطابق زیرِ زمین سروے کا پہلا مرحلہ 31 دسمبر 2024 کو شروع ہوا تھا، جبکہ دوسرے مرحلے پر 2 دسمبر 2025 سے کام جاری ہے۔ زیرِ زمین مقبرے کی کھدائی بھی مکمل ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔
سیاحوں کے لیے زیرِ زمین حصے کھولنے پر غور
ترک حکام مستقبل میں زیرِ زمین سرنگوں اور کمروں کے بعض حصے عوام اور سیاحوں کے لیے کھولنے کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی نمائش کے منصوبے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
آیا صوفیہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے اور بازنطینی، رومی اور عثمانی ادوار کی تاریخ کا اہم نشان سمجھی جاتی ہے۔
حالیہ دریافتوں نے اس تاریخی عمارت کے زیرِ زمین حصوں میں پوشیدہ ماضی کو سامنے لانے کے ساتھ ساتھ آثارِ قدیمہ کے ماہرین کے لیے تحقیق کے نئے امکانات بھی پیدا کردیے ہیں۔