حکومت نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGCL) کو 6 سے 8 چھوٹی کمپنیوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت گیس کی ترسیل، تقسیم اور فروخت کے کاروبار الگ کیے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد گیس کے موجودہ اجارہ داری نظام کو مسابقتی مارکیٹ میں تبدیل کرنا، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا، قیمتوں میں معقولیت لانا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار معیشت تشکیل دینا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے صحافیوں کو پس منظر میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اصلاحات کا خلاصہ وزیراعظم شہباز شریف کو اصولی منظوری اور آئندہ قانونی و آئینی کارروائی کے حوالے سے رہنمائی کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ منصوبے کی باضابطہ منظوری وفاقی کابینہ، مشترکہ مفادات کونسل (CCI) یا پارلیمنٹ سے حاصل کی جائے۔
حکام کے مطابق منصوبہ عالمی بینک، کے پی ایم جی اور ووڈ میکنزی کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف بھی اس اصلاحاتی پروگرام سے متفق ہے۔
گیس کی ترسیل اور فروخت الگ کرنے کا فیصلہ
منصوبے کے تحت سوئی کمپنیوں کے گیس نیٹ ورک اور ترسیل کے کاروبار کو گیس کی خرید و فروخت سے قانونی اور عملی طور پر الگ کیا جائے گا۔
اس اقدام سے دونوں کمپنیوں کا وہ مفادات کا ٹکراؤ ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کے تحت وہ بیک وقت گیس نیٹ ورک آپریٹرز اور گیس فروخت کرنے والے اداروں کے طور پر کام کرتی ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن نے کم از کم چار گیس فروخت کرنے والی کمپنیوں کے قیام کی تجویز دی ہے، جن میں دو مسابقتی گیس سپلائی کمپنیاں تجارتی اور صنعتی صارفین کو خدمات فراہم کریں گی، جبکہ دو ریگولیٹڈ گیس سپلائی ادارے گھریلو صارفین کو گیس فراہم کریں گے۔
ابتدائی سال میں سوئی کمپنیوں کو اپنے گیس سپلائی اور صارفین کے پورٹ فولیو کا 20 فیصد حصہ مسابقتی کمپنیوں کے لیے مختص کرنا ہوگا۔ اگلے دو سال میں ہر سال مزید 10 فیصد حصہ آزاد مارکیٹ کے لیے کھولا جائے گا۔
اس طرح تین سال میں 40 فیصد پورٹ فولیو مسابقتی نظام میں منتقل کرنے کی تجویز ہے، جبکہ منصوبے کے مطابق 60 فیصد حصہ منتقل ہونے پر مسابقتی شعبے میں قیمتوں کا ضابطہ ختم ہو جائے گا۔
تین کھرب روپے سے زائد گیس قرض کا انتظام
حکومت تین کھرب روپے سے زائد گیس سرکلر ڈیٹ کو ایک خصوصی مقصد کی کمپنی (SPV) میں منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ انتظام بجلی کے شعبے میں پاور ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے ماڈل کی طرز پر ہوگا، جبکہ قرض کی ادائیگی صارفین کے گیس بلوں میں ڈیبٹ سروسنگ سرچارج کے ذریعے کی جائے گی۔
حکام کے مطابق وزیراعظم کی اجازت کے بعد ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں قانونی، آئینی، مالی اور ریگولیٹری معاملات کی تکمیل میں معاونت کریں گے۔
منصوبے کو 2027 کی چوتھی سہ ماہی میں عملی نفاذ کے مرحلے میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
گھریلو صارفین کے لیے گیس مہنگی ہونے کا امکان
مالی تخمینوں کے مطابق گیس کی ترسیل اور مسابقتی فروخت کے شعبے شروع ہی سے منافع بخش ہوں گے، تاہم گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے والا ریگولیٹڈ شعبہ بھاری خسارے کا شکار رہے گا۔
سوئی ناردرن کے گھریلو گیس شعبے کو 158 ارب روپے کے بعد از ٹیکس خسارے کا سامنا ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ گیس کی لاگت 322 ارب روپے اور فروخت سے آمدن 224 ارب روپے رہنے کی توقع ہے۔
گھریلو صارفین کی اوسط گیس قیمت 1,268 روپے فی ہزار مکعب فٹ ہے، جبکہ خسارہ ختم کرنے کے لیے قیمت 2,152 روپے تک پہنچانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اس کے لیے قیمت میں تقریباً 69.8 فیصد اضافے کی ضرورت ہوگی۔ قیمتیں نہ بڑھانے کی صورت میں 150 ارب روپے کی سبسڈی درکار ہوگی۔
دوسری جانب تجارتی اور صنعتی صارفین کی اوسط قیمت 2,893 روپے فی ہزار مکعب فٹ ہے، جبکہ ان کا بریک ایون ریٹ 2,737 روپے ہے۔ اس بنیاد پر ان صارفین کے لیے قیمت میں 5.4 فیصد کمی کی گنجائش ظاہر کی گئی ہے۔
سوئی سدرن کے گھریلو شعبے کو بھی 59 ارب روپے کے بعد از ٹیکس خسارے کا تخمینہ ہے۔ اس شعبے کی اوسط فروخت قیمت 732 روپے فی ہزار مکعب فٹ ہے، جبکہ خسارہ ختم کرنے کے لیے قیمت 1,337 روپے تک بڑھانا ہوگی، جس کے لیے 82.7 فیصد اضافے کی ضرورت ہوگی۔
گھریلو صارفین کے بلنگ نظام میں تبدیلی
منصوبے کے تحت گھریلو صارفین کے لیے موجودہ 12 بلنگ سلیبز کو کم کرکے ایک سلیب میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومت کم آمدن اور مستحق صارفین کو براہ راست سبسڈی فراہم کرے گی، جبکہ گیس کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا تاکہ گھریلو شعبے کے خسارے کو کم کیا جا سکے۔
1,126 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
سوئی ناردرن کے لیے مالی سال 2027 سے 2032 تک چھ سال میں 736 ارب روپے کی سرمایہ کاری درکار ہوگی، جس میں 2030 کے دوران 165 ارب روپے کی بلند ترین سرمایہ کاری شامل ہے۔
سوئی سدرن کے لیے اسی مدت میں 390 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
سرمایہ کاری کے لیے ملٹی ایئر ٹیرف متعارف کرانے کی تجویز ہے، جس میں ریگولیٹری اثاثہ جاتی بنیاد (Regulatory Asset Base) کا طریقہ کار اپنایا جائے گا، جیسا کہ کے الیکٹرک کے ٹیرف نظام میں استعمال کیا جاتا ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ گیس کمپنیوں کی تنظیم نو سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی، تاہم گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں نمایاں اضافے اور گیس سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی کے اضافی بوجھ کے خدشات بھی موجود ہیں۔