مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے بڑھتی صلاحیتوں نےورٹی سائبرسکیورٹی کے لیے نئے خطرات پیدا کردیئے ہیں، جبکہ امریکی حکومت، بڑی کمپنیوں اور اہم اداروں کے کمپیوٹر نظام ان خطرات سے نمٹنے کی تیاری میں پیچھے دکھائی دیتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومت، کاروبار، اے آئی اور سائبر سکیورٹی کے 50 سے زائد رہنماؤں سے گفتگو میں یہ خدشہ سامنے آیا ہے کہ 2027 تک سائبر حملے روزمرہ زندگی کا مستقل مسئلہ بن سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق حملے زیادہ پیچیدہ، تیز رفتار اور نقصان دہ ہونے کا امکان رکھتے ہیں، جس سے بینکنگ، فضائی سفر، بجلی، پانی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں مائیکروسافٹ کی عالمی سروسز میں تعطل، امریکی فضائی سفر میں رکاوٹ اور جے پی مورگن چیس کے صارفین کو پیش آنے والی بینکنگ خرابیوں نے مستقبل کے ممکنہ خطرات کی ایک جھلک پیش کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے تعطل صرف تکنیکی غلطیوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ بعض واقعات منظم سائبر حملوں کا نتیجہ بھی ہوسکتے ہیں۔
اے آئی سے سائبر حملوں کی رفتار میں غیر معمولی اضافہ
رپورٹ کے مطابق جدید اے آئی ماڈلز سافٹ ویئر تیار کرنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر نظام میں موجود خامیوں اور سکیورٹی کمزوریوں کی نشاندہی بھی کرسکتے ہیں۔ یہی صلاحیت سائبر مجرموں کے لیے خطرناک ہتھیار بن سکتی ہے، کیونکہ وہ ان کمزوریوں کو تلاش کرکے بڑے پیمانے پر حملے کرسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بیشتر سرکاری اور کاروباری کمپیوٹر نظام ایسے دور میں تیار کیے گئے تھے جب اے آئی کی موجودہ صلاحیتیں دستیاب نہیں تھیں۔ ان نظاموں میں موجود پرانی خامیاں اب زیادہ تیزی سے دریافت اور استعمال کی جاسکتی ہیں۔
امریکی سرمایہ کاری ادارے برج واٹر ایسوسی ایٹس نے اپنی حالیہ تشخیص میں کہا ہے کہ وہ اگلے ایک سال کے دوران معیشت کو شدید نقصان پہنچانے والے سائبر حملے کے تقریباً 33 فیصد امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے مالیاتی فیصلے کررہا ہے۔
چین کے سائبر نیٹ ورکس پر تشویش
رپورٹ میں چین سے منسلک سائبر گروپس کی سرگرمیوں کو بھی اہم خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق وولٹ ٹائیفون نامی گروپ گزشتہ کئی برسوں سے امریکا کے اہم بنیادی ڈھانچے، جن میں پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام شامل ہیں، میں موجود سکیورٹی کمزوریوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
ایک اور گروپ سالٹ ٹائیفون پر امریکی ٹیلی کام کمپنیوں کے نیٹ ورکس میں داخل ہونے اور کال ریکارڈز سمیت حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے الزامات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ نظاموں کی مکمل تعداد اب تک واضح نہیں ہوسکی، جبکہ امریکی انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ چین اپنی سائبر سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
اے آئی ایجنٹس سے خودکار حملوں کا خطرہ
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے 13 نومبر کو آرٹیکس نامی اوپن سورس سافٹ ویئر کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ ٹیکنالوجی ہیکرز کو متعدد اے آئی ایجنٹس استعمال کرکے سائبر حملے کے مختلف مراحل خودکار انداز میں مکمل کرنے کی سہولت دے سکتی ہے۔
اس طرح کے نظام حملوں کی رفتار بڑھا سکتے ہیں اور سکیورٹی ٹیموں کے لیے خطرات کا بروقت مقابلہ کرنا مشکل بنا سکتے ہیں۔
ٹیکساس کے توانائی ریگولیٹر نے بھی ریاست کے تیل، گیس اور بجلی کے نیٹ ورکس کو اے آئی سے تقویت یافتہ سائبر خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
حکومت اور کاروباری اداروں کی تیاری ناکافی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت اور بڑی کمپنیوں کو سائبر سکیورٹی کے لیے ماہرین، وسائل اور مربوط حکمت عملی کی کمی کا سامنا ہے۔
بڑی کمپنیوں کے لیے جدید سکیورٹی نظام خریدنا نسبتاً آسان ہے، لیکن چھوٹے کاروبار اور سرکاری ادارے مہنگے حفاظتی اقدامات برداشت نہیں کرسکتے۔ اس کے نتیجے میں اہم کمپیوٹر نظام سائبر حملوں کے لیے کمزور رہ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق حکومت، کانگریس اور کاروباری اداروں کے درمیان بھی مؤثر رابطے کا فقدان ہے، جبکہ سائبر سکیورٹی کے خطرات پر مختلف ادارے اکثر الگ الگ کام کررہے ہیں۔
بڑے پیمانے پر تباہی کا امکان کتنا ہے؟
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سائبر حملوں سے بینکنگ یا فضائی سفر ایک دن کے لیے متاثر ہوسکتا ہے، تاہم ایسے واقعات کو فوری طور پر پورے معاشرے کی تباہی سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
ان کے مطابق امریکا کے بجلی کے نظام میں ہزاروں مقامی یوٹیلیٹیز شامل ہیں اور کوئی ایک مرکزی سوئچ پورے گرڈ کو کنٹرول نہیں کرتا۔ اس وجہ سے کسی ایک کامیاب حملے کے اثرات عموماً کسی مخصوص علاقے تک محدود رہ سکتے ہیں۔
تاہم، کسی بڑے ملک کی جانب سے پائپ لائنز یا بجلی کے نظام پر منظم حملہ زیادہ سنگین نتائج پیدا کرسکتا ہے۔
اے آئی کمپنیوں کو سائبر دفاع میں کردار ادا کرنے کی ضرورت
رپورٹ کے مطابق امریکا کے پاس ایسے اے آئی ماڈلز موجود ہیں جو سائبر سکیورٹی کی کمزوریاں تلاش کرنے کے ساتھ انہیں درست کرنے میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔
ماہرین نے تجویز دی ہے کہ امریکی حکومت بڑی اے آئی کمپنیوں کو ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت اہم قومی نظاموں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے متحرک کرے۔
جے پی مورگن چیس کے سربراہ جیمی ڈائمن کی قیادت میں ایک اتحاد بھی قائم کیا گیا ہے، جس میں مالیاتی، توانائی، ٹیکنالوجی، ٹیلی کام اور فضائی شعبوں کی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔ اس اتحاد کا مقصد اہم بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنانا اور معیشت میں بڑے تعطل کے خطرات کم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت، کاروباری اداروں اور اے آئی کمپنیوں کے رہنماؤں میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ سائبر حملوں کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، لیکن اس کے باوجود کسی بڑے واقعے سے پہلے مؤثر تعاون قائم ہونے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔