وفاقی حکومت کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نئے ڈیجیٹل ڈیکلریشن آف ایسٹس (DOA) نظام کے تحت آمدن، اثاثوں، واجبات، سوشل میڈیا اکاؤنٹس، کلبوں کی رکنیت اور غیر ملکی شہریت یا امیگریشن اسٹیٹس کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ یوزر مینوئل کے مطابق، نئے نظام کے تحت سرکاری افسران کو اپنی ذاتی، مالی اور ملازمت سے متعلق معلومات کے ساتھ اپنے شریک حیات اور زیر کفالت افراد کے اثاثوں اور مالی مفادات کی تفصیلات بھی جمع کرانا ہوں گی۔
یہ نظام اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد سرکاری ملازمین کے سالانہ اثاثہ جات کے گوشواروں کو ڈیجیٹل بنانا اور سرکاری امور میں شفافیت، جوابدہی اور دیانت داری کو فروغ دینا ہے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور کلبوں کی رکنیت
نئے نظام کے تحت افسران کو فیس بک، انسٹاگرام اور سابقہ ٹوئٹر، اب ایکس، سمیت اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے نام اور یوزر ہینڈلز ظاہر کرنا ہوں گے۔ دیگر پلیٹ فارمز پر موجود اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
اسی طرح افسران اور ان کے زیر کفالت افراد کی کلبوں میں رکنیت کی معلومات بھی گوشوارے کا حصہ ہوں گی۔ ان میں کلب کا نام، رکنیت نمبر، رکنیت کی نوعیت، پتہ اور سالانہ اخراجات شامل ہوں گے۔
غیر ملکی شہریت اور سفر کی تفصیلات
اعلانِ اثاثہ جات میں یہ بھی بتانا ہوگا کہ آیا افسر یا اس کے گھرانے کا کوئی فرد غیر ملکی شہریت، رہائشی اجازت نامے یا امیگریشن اسٹیٹس کا حامل ہے۔
اگر جواب ہاں میں ہو تو متعلقہ فرد کا نام، ملک، حیثیت، حصول کی تاریخ اور شہریت یا رہائش حاصل کرنے کی بنیاد بھی ظاہر کرنا ہوگی۔
افسران، ان کے شریک حیات اور زیر کفالت افراد کے نجی غیر ملکی سفر کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، جن میں دورہ کیے گئے ممالک، سفر کا دورانیہ، اخراجات اور ان کے لیے استعمال ہونے والے فنڈز کا ذریعہ شامل ہے۔
اثاثوں اور واجبات کی مکمل تفصیلات
ڈیجیٹل گوشوارے میں غیر منقولہ جائیداد، بینک اکاؤنٹس، سرمایہ کاری، گاڑیوں اور قیمتی اشیا، بشمول سونا اور فن پاروں، کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔
جائیداد کے محل وقوع، رقبے، حصول کی تاریخ، طریقہ اور خریداری کی لاگت کی معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے بینک اور برانچ کا نام، اکاؤنٹ ٹائٹل، اکاؤنٹ نمبر یا آئی بین، رقم جمع ہونے کا بنیادی ذریعہ اور 30 جون کو اکاؤنٹ میں موجود بیلنس ظاہر کرنا ہوگا۔
افسران کو محکمانہ قرضوں، بینک قرضوں، رہن اور کریڈٹ کارڈ واجبات سمیت تمام بقایا مالی ذمہ داریوں کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔ اس میں قرض دہندہ کا نام، بقایا رقم، قرض لینے کا مقصد اور سال کے دوران کی جانے والی ادائیگیاں شامل ہوں گی۔
اخراجات اور نیٹ ورتھ کا حساب
گھریلو اخراجات کے گوشوارے میں بجلی، گیس، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے بلوں، بچوں کی تعلیم، کلبوں کی رکنیت، غیر ملکی سفر اور دیگر اخراجات کی سالانہ تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
نظام خودکار طور پر مجموعی اثاثوں میں سے بقایا واجبات منہا کرکے افسران کی نیٹ ورتھ کا حساب لگائے گا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں نیٹ ورتھ میں نمایاں تبدیلی کی صورت میں افسر کو تحریری وضاحت بھی فراہم کرنا ہوگی۔
ڈیجیٹل تصدیق اور عوامی معلومات
ایف بی آر کے مطابق، نظام کے ذریعے ایک عوامی معلوماتی خلاصہ بھی تیار کیا جائے گا، جس میں افسران کی بنیادی ذاتی اور ملازمت سے متعلق معلومات، جائیداد، بینک اکاؤنٹس، سرمایہ کاری، گاڑیوں اور غیر ملکی شہریت یا امیگریشن اسٹیٹس سے متعلق اہم تفصیلات شامل ہوں گی۔
اثاثوں کا گوشوارہ ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرایا جائے گا۔ افسران اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ سے لاگ ان ہوں گے، جبکہ تصدیق کے لیے رجسٹرڈ موبائل نمبر یا ای میل پر ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) بھیجا جائے گا۔
گوشوارہ مکمل کرنے کے بعد افسران کو ڈیجیٹل رضامندی دینا ہوگی کہ فراہم کردہ معلومات درست اور مکمل ہیں۔ حتمی جمع کرانے سے قبل او ٹی پی کے ذریعے تصدیق بھی لازمی ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق، نظام میں خطرے کی بنیاد پر اثاثوں کی جانچ پڑتال کا طریقہ کار بھی شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد وزیراعظم کے اقتصادی نظم و نسق اصلاحاتی پروگرام کے تحت سرکاری اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کو مضبوط بنانا ہے۔
مینوئل کے مطابق، ایک مالی سال کا گوشوارہ کامیابی سے جمع ہونے کے بعد اسی مدت کے لیے دوسرا گوشوارہ جمع نہیں کرایا جا سکے گا۔ تاہم، جمع کرانے کے بعد کسی تبدیلی کی ضرورت ہو تو آخری تاریخِ جمع آوری کے 30 دن کے اندر متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر سے اجازت لینا ہوگی۔