امریکا کی جامعات میں غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں نمایاں کمی نے امریکی معیشت، اعلیٰ تعلیم کے شعبے اور یونیورسٹیوں سے وابستہ مقامی کاروباروں کے لیے مالی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق 2025-26 کے تعلیمی سال کے دوران نئے بین الاقوامی طلبہ کے داخلوں میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر غیر ملکی طلبہ کی تعداد بھی 3 فیصد گھٹ کر تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار رہ گئی۔
انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن (IIE) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی گریجویٹ طلبہ کے داخلوں میں 13 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈرگریجویٹ طلبہ کے داخلوں میں کمی کی شرح 0.3 فیصد رہی۔ اس کے برعکس ڈاکٹریٹ پروگراموں میں داخل ہونے والے بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی کا اثر صرف جامعات کی فیسوں تک محدود نہیں بلکہ امریکی معیشت کے مختلف شعبوں، بالخصوص رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور مقامی کاروباروں پر بھی پڑ رہا ہے۔
غیر ملکی طلبہ کا امریکی معیشت میں 40 ارب ڈالر کا حصہ
امریکی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بین الاقوامی طلبہ نے 2025-26 کے دوران امریکی معیشت میں تقریباً 40 ارب ڈالر کا حصہ ڈالا۔ ان طلبہ کے اخراجات کے نتیجے میں 3 لاکھ سے زائد ملازمتوں کو بھی سہارا ملا۔
تاہم نیشنل ایسوسی ایشن آف فارن اسٹوڈنٹ ایڈوائزرز (NAFSA) کے مطابق گزشتہ تعلیمی سال کے مقابلے میں غیر ملکی طلبہ کی جانب سے امریکی معیشت میں مالی حصہ 7 فیصد، یعنی تقریباً 3 ارب ڈالر کم ہوا، جبکہ ان سے منسلک ملازمتوں کی تعداد میں 46 ہزار کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب بین الاقوامی طلبہ کی معاشی شراکت میں کمی ہوئی ہے، حالانکہ اس سے پہلے تین سال تک اس میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں پر سوالات
امریکی تعلیمی حلقوں میں غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں کمی کی ایک اہم وجہ ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں اور ویزا کے حصول میں مشکلات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکن کونسل آن ایجوکیشن سے وابستہ سارہ اسپریٹزر کے مطابق بین الاقوامی طلبہ امریکی سرحدوں پر اضافی جانچ پڑتال اور دوبارہ داخلے سے متعلق خدشات کے باعث امریکا آنے سے گریز کر رہے ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق جن تعلیمی اداروں نے بین الاقوامی طلبہ کے داخلوں میں کمی کی اطلاع دی، ان میں سے 88 فیصد نے ویزا درخواستوں کے عمل کو جبکہ 70 فیصد نے سفری پابندیوں کو اہم وجوہات میں شامل کیا۔
چھوٹی جامعات مالی بحران کی زد میں
غیر ملکی طلبہ کی کمی کا سب سے زیادہ اثر ان چھوٹی جامعات پر پڑنے کا خدشہ ہے جو اپنی آمدنی کے لیے بین الاقوامی طلبہ کی فیسوں پر انحصار کرتی ہیں۔
امریکی جامعات میں غیر ملکی طلبہ عموماً مقامی طلبہ کے مقابلے میں زیادہ ٹیوشن فیس ادا کرتے ہیں، جس سے تعلیمی اداروں کو اپنے اخراجات پورے کرنے اور مقامی طلبہ کو تعلیمی سہولتیں اور وظائف فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
بوسٹن میں رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز نے بھی غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں کمی کے باعث طلبہ کی رہائش کے لیے تعمیر کیے گئے اپارٹمنٹس خالی رہنے اور نئے منصوبوں کی منصوبہ بندی متاثر ہونے کی نشاندہی کی ہے۔
یونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس کو 45 ملین ڈالر کے خسارے کا سامنا
اس صورتحال کی ایک نمایاں مثال یونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس ہے، جہاں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں کمی کے باعث مالی دباؤ بڑھ گیا ہے۔
یونیورسٹی نے متوقع 45 ملین ڈالر کے بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لیے متعدد تعلیمی شعبوں میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، جن میں درجنوں مائنرز پروگرامز کا خاتمہ، چار ماسٹرز پروگرامز کی بندش اور مختلف شعبہ جات کا انضمام شامل ہے۔
یہ یونیورسٹی ٹیکساس میں بین الاقوامی طلبہ کی بڑی تعداد رکھنے والے تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے، اس لیے غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں کمی نے اس کی آمدنی کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔
بین الاقوامی طلبہ کی کمی کے طویل مدتی اثرات
امریکی تعلیمی ماہرین کے مطابق مقامی طلبہ کی تعداد میں بھی آبادیاتی تبدیلیوں کے باعث دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ہائی اسکول سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی تعداد میں کمی اور ریاستی تعلیمی بجٹ میں کٹوتیوں نے جامعات کے مالی مسائل مزید پیچیدہ کر دیے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی طلبہ کی کمی سے جامعات صرف ایک تعلیمی سال کی فیس سے محروم نہیں ہوتیں بلکہ کئی سال کی ممکنہ آمدنی، تحقیقی صلاحیتوں اور مستقبل کے ہنرمند افرادی قوت کے مواقع بھی ضائع ہو سکتے ہیں۔
اس صورتحال کے اثرات آنے والے برسوں میں امریکی اعلیٰ تعلیم، مقامی معیشت اور عالمی تعلیمی مسابقت پر مزید نمایاں ہونے کا امکان ہے۔