ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار کی جانب سے باتھ روم میں انٹرنیٹ نہ چلنے کی شکایت کی گئی انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں 24 نومبر سے انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے، جس پر پہلے بھی شوبز شخصیات شکایت کر چکی ہیں۔
صحیفہ جبار نے بھی انٹرنیٹ نہ چلنے کی شکایت پر انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے باتھ روم میں وائی فائی نہ چلنے کا شکوہ کیا۔
ماڈل و اداکارہ کی پوسٹ وائرل ہوگئی، جسے مختلف شوبز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
صحیفہ جبار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ باتھ روم میں انٹرنیٹ نہیں چل رہا، جس وجہ سے وہ کوئی کام نہیں کر پا رہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہیں باتھ روم میں انٹرنیٹ چاہیے، وہ اس حوالے سے سنجیدہ ہیں اور یہ کہ باتھ روم میں انٹرنیٹ کا نہ چلنا انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے، جسے حل ہونا چاہیے۔
صحیفہ جبار نے لکھا کہ ایک تو سردی کی وجہ سے پہلے ہی باتھ روم جانا عذاب ہوتا ہے، اوپر سے انٹرنیٹ بھی بند ہے، جس وجہ سے ان کا کاروبار رکا ہوا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ باتھ روم انسان کی آخری محفوظ پناہ گاہ ہوتی ہے لیکن اب کیا وہاں بھی انٹرنیٹ کی بندش کا عذاب برداشت کرنا پڑے گا؟
صحیفہ جبار نے لکھا کہ انہیں اگلے مرحلے میں باتھ روم میں بھی ایک وائی فائی راؤٹر لگوانا پڑے گا اور یہ کہ پاکستان میں بنیادی چیزوں کا مطالبہ کرو تو ’ارر 404‘ لکھا آتا ہے۔
صحیفہ جبار خٹک کی جانب سے انٹرنیٹ نہ چلنے کی شکایت کی انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے انہیں پاگل بھی قرار دیا جب کہ بعض افراد نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور مطالبہ کیا کہ انٹرنیٹ کی رفتار تیز کی جائے۔
خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے 23 نومبر کو بتایا تھا کہ 24 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نطر اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بند کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کو ختم ہوئے تین دن گزر چکے ہیں لیکن اس باوجود تاحال ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی رفتار بہتر نہیں ہوئی، ملک کے مختلف شہروں میں 24 نومبر سے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہے۔