عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے لیے پشاور سے روانہ ہو گئی ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی ساتھ ہیں۔
بشریٰ بی بی کے حوالے سے گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بشریٰ بی بی طبیعت کی خرابی کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی،
اس کے بعد یہ اطلاع بھی سامنے آئی تھی کہ بشریٰ بی بی کا نمبر مسلسل بند جا رہا ہے۔
تاہم اب سرکاری ذرائع سے یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کیلئے بشریٰ بی بی بھی پشاور سے نکل گئی ہیں،
ذرائع کا بتانا ہے کہ بشریٰ بی بی الگ گاڑی میں گئی ہیں، صوبائی وزیر پختون یار نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بشریٰ بی بی بھی قافلے میں موجود ہیں،
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور قافلے کو لیڈ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے احتجاج کو لیڈ کرنے کے معاملے پر علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کے درمیان تنازع کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور میں احتجاج کے معاملے پر کسی قسم کا تنازع نہیں ہے۔