پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر 24 نومبر کے احتجاج کے لیے جڑواں شہروں میں 2 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں جبکہ ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
رات گئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگی، جس میں احتجاج کی حکمت عملی اور متوقع مذاکرات پر صلاح مشورے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے لیے جڑواں شہروں میں 2 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
کمیٹی میں شامل ناموں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نے ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اسلام آباد میں احتجاج کو عامر مغل، شعیب شاہین ،علی بخاری، شیر افضل مروت، قاضی تنویر اور ملک عامر لیڈ کریں گے۔
راولپنڈی کے لیے چوہدری عامر افضل، عاقل خان، راجہ بشارت، سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض اور کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کی کال کے معاملے پر رات گئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگی، جس میں احتجاج کی حکمت عملی اور متوقع مذاکرات پر صلاح مشورے کیے گئے۔
بیرسٹر گوہر کی وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ملاقات ہوئی جس میں احتجاج کی حکمت عملی اور متوقع مذاکرات پر مشورے کیے گئے۔
ملاقات کے دوران 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، احتجاج اور مذاکرات دونوں آپشنز ایک ساتھ زیر غور ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق باہمی مشاورت کررہے ہیں، صبح عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی، مذاکرات کا آپشن بھی زیر غور ہے۔