google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 موسم سرما کیلئے بجلی ریلیف پیکیج کی منظوری - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

موسم سرما کیلئے بجلی ریلیف پیکیج کی منظوری

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ موسم سرما کے بجلی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا جس میں اہم ایجنڈا آئٹمز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلے کیے گئے۔

ای سی سی نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے 200 یونٹ سے زائد کے صنعتی، گھریلو (ٹی او یو اور نان ٹی او یو) صارفین، ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے کمرشل اور جنرل سروسز صارفین کے لیے موسم سرما کی طلب کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز پر غور کیا تاکہ سسٹم کی پیداواری صلاحیت کا زیادہ سے زیادہ استعمال ممکن بنایا جا سکے اور بجلی کی جانب موافق طلب کی منتقلی کے نتیجے میں گیس کی طلب میں کمی لائی جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ اس اقدام کے تحت تمام اہل صارفین سے متعلقہ اضافی کھپت پر 26.07 روپے فی کلو واٹ کا ٹیرف وصول کیا جائے گا جو متعلقہ مہینوں میں معیاری کھپت سے زیادہ ہوگا۔

یہ اقدام دسمبر 2024 سے فروری 2024 تک تین ماہ کی بلنگ مدت کے لئے لاگو رہے گا۔

ای سی سی کے سامنے رکھے گئے فارمولے اور شرائط و ضوابط کی بنیاد پر بینچ مارک کھپت مالی سال 2024 میں متعلقہ مہینے کی کھپت یا متعلقہ مہینوں کے لئے گزشتہ 3 سالوں کے دوران تاریخی کھپت سے زیادہ ہوگی۔

ای سی سی نے اس تجویز پر تبادلہ خیال کیا اور اس کی منظوری دیتے ہوئے پاور ڈویژن کی جانب سے تیار کردہ سبسڈی نیوٹرل انٹیرم ریلیف انیشیٹو کو بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے اور صارفین کی مختلف کیٹیگریز میں کم طلب کے پیش نظر بروقت اور متعلقہ قرار دیا۔

رواں ماہ کے اوائل میں وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں بجلی کے استعمال کی حوصلہ افزائی سے متعلق صارفین کے لیے تین ماہ کے بجلی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا۔

پیکیج کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین سے 26.07 روپے فی یونٹ کی فلیٹ ریٹ وصولی کی جائے گی جس سے مختلف ٹیرف سلیبز پر 11.42 روپے (30 فیصد) سے 26 روپے (50 فیصد) فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتی صارفین 5.72 روپے سے 15.05 روپے فی یونٹ کی بچت کرسکیں گے، جس سے 18 سے 37 فیصد کی بچت ہوگی جبکہ کمرشل صارفین کے لیے یہ بچت 13.46 روپے سے 22.71 روپے فی یونٹ ہوگی۔

مزید برآں ای سی سی نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے سابق ایمرجنسی ریلیف سیل (ای آر سی) کے 3.14 ارب روپے این ڈی ایم اے فنڈ میں منتقل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا تاکہ اتھارٹی کے قانونی مینڈیٹ کے مطابق اندرون ملک اور بیرون ملک امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔

فنانس ڈویژن نے کہا کہ اس تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کی منظوری اس شرط کے ساتھ دی گئی کہ چونکہ ای آر سی میں بقیہ رقم عوامی عطیات پر مشتمل ہے اور سیلاب اور زلزلے کے متاثرین کی امداد، بچاؤ اور بحالی کے لئے دی گئی ہے، لہذا این ڈی ایم اے ان بقیہ رقوم کو بیان کردہ مقصد کے لئے خرچ کرے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …