google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ 291 رنز پر آؤٹ، پاکستان دوسری اننگز میں 3 وکٹوں سے محروم - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ 291 رنز پر آؤٹ، پاکستان دوسری اننگز میں 3 وکٹوں سے محروم

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم کے 291 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم بھی دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور 43 رنز پر ابتدائی تین بلے بازوں سے محروم ہو چکی ہے۔

ملتان میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 239 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو جیمی اسمتھ اور بریڈن کارس وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کو ساتویں وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور گزشتہ روز کھیل کے آخری سیشن میں یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر انگلش مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے والے ساجد خان نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور بریڈن کارس کو آؤٹ کر کے اننگز میں پانچویں وکٹ حاصل کی۔

نئے بلے باز میتھیو پوٹس نے ایک چوکا ضرور لگایا لیکن وہ بھی ساجد کی گھومتی گیندوں کو سمجھنے میں ناکام رہے اور صرف 6 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

اس موقع پر انگلینڈ کی امیدیں وکٹ کیپر بلے باز جمی اسمتھ سے وابستہ تھیں کہ وہ مزاحمتی اننگز کھیل کر خسارے کو کم کرنے کی کوشش کریں گے

لیکن نعمان علی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ صائم ایوب کو آسان کیچ تھما بیٹھے۔

جیک لیچ نے آخری لمحات میں 25 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ شعیب بشیر کے ساتھ دسویں وکٹ کے لیے 29 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

جب شعیب بشیر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کی پوری ٹیم 291 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان نے پہلی اننگز 75 میں رنز کی برتری حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 111 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں جبکہ بقیہ تین وکٹیں نعمان علی نے اپنے نام کیں۔

پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو انگلینڈ کی طرح پاکستان کے بلے باز بھی اسپنرز کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے اور انہیں رنز بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 4 رنز بنانے کے بعد شعیب بشیر کی وکٹ بن گئے۔

شان مسعود اور صائم ایوب نے اسکور کو 25 تک پہنچایا ہی تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان 11 رنز بنانے کے بعد شعیب بشیر کی دوسری وکٹ بن گئے۔

صائم ایوب ایک مرتبہ پھر پراعتماد نظر آئے لیکن کھانے کے وقفے سے قبل کرائی گئی آخری گیند کو سمجھ نہ سکے اور 22 رنز بنانے کے بعد دوسری سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

میچ کے تیسرے دن پہلے سیشن میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں گریں۔ جب کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز بنائے تھے اور اسے میچ میں مجموعی طور پر 118 رنز کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں تینوں وکٹیں شعیب بشیر نے حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …