google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 طالبہ سے مبینہ زیادتی کیخلاف دوسرے روز بھی احتجاج - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

طالبہ سے مبینہ زیادتی کیخلاف دوسرے روز بھی احتجاج

لاہور کے نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے خلاف طلبہ و طالبات نے مسلسل دوسرے روز بھی احتجاج کیا ۔

صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز پرتشدد مظاہروں میں 28 طلبہ کے زخمی ہونے کے بعد دی پروگریسو اسٹوڈنٹس کلیکٹو ( پی ایس سی ) نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے پنجاب اسمبلی تک انسداد ہراسانی ریلی کا انعقاد کیا جس میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ْ

واضح رہے کہ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس کو بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے جو 48 گھنٹے میں رپورٹ دے گی۔

اتوار کو سوشل میڈیا پر واقعے کی خبر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایک سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گرفتار کیا جاچکا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔

تاہم مبینہ طور پر متاثرہ طالبہ کے اہلخانہ کی جانب سے درخواست نہ دیے جانے کے باعث واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تاحال درج نہیں کی جاسکی ہے۔

دوسری جانب پنجاب پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ پوسٹ میں کہا ہے کہ ’اگر کسی کے پاس لاہور میں ہونے والے مبینہ ریپ کے حوالے سے کوئی معلومات ہے تو وہ 15 یا وومین سیفٹی ایپ کے ذریعے حکام کو فوری طور پر آگاہ کرے۔‘ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے اطلاع دینے والے کا نام سیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

نجی کالج میں طلبہ اور حفاظتی عملے میں تصادم

ریسکیو 1122 نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حفیظ سینٹر پر واقع نجی کالج کے کیمپس میں طلبہ اور حفاظتی عملے کے درمیان تصادم بھی ہوا۔

منگل کو پی ایس سی کی جانب سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے پنجاب کالج ریپ کیس اور لاہور ویمنز کالج میں ہراسانی کے واقعات کیخلاف گزشتہ روز کیے گئے احتجاج کے دوران طلبہ پر کیے گئے تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے واقعات کی تحقیقات کیلیے انسانی حقوق کی تنظیموں، طلبہ نمائندوں اور ججز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں انسداد ہراسانی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے جن میں طالبعلموں بالخصوص طالبات کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔

مظاہرین نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ہراسانی سے متعلق قوانین کے بارے شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے اور اس حوالےسے رہنما اصولوں کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

سی سی ٹی وی کے ریکارڈ میں کچھ نہیں ملا، کالج انتظامیہ

دریں اثنا نجی کالج کے ڈائریکٹر آغا طاہر اعجاز نے مبینہ ریپ کیس کے حوالے سے جاری وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’ ہم نے سی سی ٹی وی کے ریکارڈ کی جانچ کی ہے لیکن ہمیں کچھ نہیں ملا، ہم بذات خود کئی پولیس اسٹیشنز میں گئے لیکن وہاں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔’

انہوں نے کہاکہ’پولیس ہمارا سی سی ٹی وی کا تمام ریکارڈ لے گئی ہے’، ان کا مزید کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ نے بیماری یا دیگر وجوہات کے باعث کالج سے غیر حاضر کئی طالبعلموں کو فون کالز بھی کیں۔

کالج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک ہسپتال کا نام لیا جارہا تھا، ہم نے کئی ہسپتالوں کو چیک کیا لیکن کچھ نہیں ملا، انہوں نے کہاکہ طلبہ کیمرا فوٹیجز کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن تمام ریکارڈنگز پولیس کے پاس ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ’طلبہ کا کہنا ہے کہ مبینہ زیادتی کے واقعے کے وقت بیسمنٹ کا دروازہ بند تھا لیکن گلبرگ کیمپس کے بیسمنٹ میں کوئی دروازہ موجود ہی نہیں ہے،’انہوں نے کہاکہ ’ بیسمنٹ کا داخلی راستہ ہر وقت کھلا رہتا ہے کیونکہ وہاں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں،‘

انہوں نے کہاکہ پولیس نے چھٹیوں پر گئے ہوئے ایک سیکیورٹی گارڈ کو طلب کیا ہے اور وہ اب تک حراست میں ہے، انہوں نے کہاکہ گارڈ کو صرف اس وجہ سے حراست میں لیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس کی نشاندہی کی گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو احتجاج سے نہیں روک رہے، صرف شرپسندوں کو روکنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر کسی لڑکی یا خاندان کی شناخت نہین ہوسکی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …