پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔
پورے 90 اوورز میں قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے۔ کامران غلام نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنائی۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جہاں اسے ایک مرتبہ پھر جلد نقصان اٹھانا پڑا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گری تھی، جب عبداللّٰہ شفیق 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ اس کے بعد کپتان شان مسعود بیٹنگ کرنے آئے لیکن وہ بھی بڑا اسکور نہ کر سکے اور 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد صائم ایوب اور کامران غلام نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
پاکستان کا اسکور 168 رنز پر پہنچا تو صائم ایوب 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بیٹنگ کے لیے نائب کپتان سعود شکیل آئے، وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کامران غلام نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نہ صرف مشکلات کے بھنور سے نکالا بلکہ ڈیبیو پر سنچری بھی جڑی دی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے 13ویں بیٹر ہیں۔
کامران غلام 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پہلے دن 90 اوورز کا کھیل پورا ہوا اور قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے تھے۔
محمد رضوان 37 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر کیریز پر موجود ہیں جو دوسرے دن کھیل کا آغاز کریں گے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میتھیو پوٹس، بریڈن کارز اور شعیب بشیر نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز ہے، ہم سب بہت زیادہ پُرجوش ہیں، ہمارے پاس اچھے اسپنرز ہیں۔
شان مسعود کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں۔
انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، پہلے ٹیسٹ میں اچھی کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں 3 سیمرز اور اسپنرز موجود ہیں