اداکارہ مہوش حیات اور بھارت کے مشہور پنجابی ریپر ہنی سنگھ نے ایک ساتھ نئے گانے کا اعلان کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
ہنی سنگھ اور مہوش حیات کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں ہنی سنگھ پنجابی ریپ گاتے ہوئے مہوش حیات کی طرف اشارہ کرکے ’’سہیلی کراچی‘‘ کہہ رہے ہیں اور ان کے چھیڑنے پر مہوش حیات شرما رہی ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں دونوں کے آبائی شہر کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کرمپورا کا کراچی سے تعلق، کچھ بہت خاص آنے والا ہے‘‘۔
ہنی سنگھ بھارت کی ہپ ہوپ اور ریپ میوزک انڈسٹری کا مشہور نام ہے، جنھوں نے بالی وڈ کو ’لنگی ڈانس‘، ’پارٹی آل نائٹ‘، ’آتا ماجی سٹک لی‘ اور ’یار نہ ملے‘ جیسے سپر ہٹ گانے دیے ہیں۔
اپنے سپرہٹ دور میں ہنی سنگھ اپنی بیماری کے باعث اچانک منظر سے غائب ہوگئے تھے اور تقریباً ساڑھے سات سال کے وقفے کے بعد انھوں نے 26 اگست 2024 کو اپنا نیا البم ’’گلوری‘‘ جاری کیا۔
ہنی سنگھ انڈسٹری میں دوبارہ آمد پر پہلے سے زیادہ پذیرائی حاصل کرنے کےلیے مختلف حربے آزما رہے ہیں۔
ہنی سنگھ رواں سال مہوش حیات کے ساتھ بھی نظر آئے اور اب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرکے اس بات کا اعلان کردیا ہے کہ دونوں جلد کچھ دھماکے دار کرنے والے ہیں۔
قبل ازیں مہوش حیات بھی یہ انکشاف کرچکی ہیں کہ وہ ہنی سنگھ کے نئے ٹریک ’کلر‘ میں کام کررہی ہیں۔