ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کو قائم مقام کپتان اولی پوپ کی صورت پہلا نقصان صرف 4 کے مجموعی اسکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب انہیں اننگ کے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر نسیم شاہ نے عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ زیک کراؤلی اور جو روٹ دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بالترتیب 64 اور 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
گیند بازوں کیلئے یہ مسلسل دوسرا مشکل دن رہا کیونکہ سلمان آغا نے 104 رنز کی ناقابل شکست اور سعود شکیل نے 82 رنز کی رنز بناکر پاکستان کا مجموعی اسکور 556 رنز تک پہنچایا جبکہ شان مسعود نے 151 اور عبداللہ شفیق نے 102 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگز کے اختتام پر بین ڈکیٹ بائیں انگوٹھے میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوئے جس کی وجہ سے اولی پوپ کو اوپننگ جوڑی میں شامل کیا گیا۔
انگلینڈ کو فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 261 رنز کی ضرورت ہے جو کہ بظاہر آسان لگ رہا ہے کیوں کہ وکٹ پر گیند بازوں کو کوئی مدد نہیں مل رہی۔
دوسرے روز دوپہر تک سلمان نے شکیل اور نسیم کی جانب سے اچھا ساتھ ملنے کی بنیاد پر چائے کے وقفے کے فورا بعد واحد انگلش اسپنر جیک لیچ کی گیند پر کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کی۔
اس اننگز کے دوران ایک ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے سلمان نے شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کی شراکت میں 85 جوڑے، آفریدی نے 26 رنز بنائے۔
مجموعی طور پر سلمان نے 119 گیندوں پر 10 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ باؤنڈری پر کرس ووکس نے ان کا کیچ تھاما تاہم تھرڈ امپائر کی جانب سے فیصلہ دیا گیا کہ ووکس کا پاؤں باؤنڈری لائن پر لگ گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔
جیک لیچ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 160 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گس ایٹکنسن نے 99 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ووکس، شعیب بشیر اور روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سلمان نے ساتویں وکٹ میں سعود شکیل کے ساتھ مل کر 57 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، جو روٹ نے 82 کے انفرادی اسکور پر بشیر کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ سعود شکیل نے آٹھ چوکے لگائے۔
فاسٹ بولر برائڈن کارسے نے اپنے ڈیبیو میچ میں 74 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے نسیم شاہ کو 33 رنز پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرنے کے بعد پہلی وکٹ حاصل کی اور پھر عامر جمال کو 7 رنز پر آؤٹ کیا۔
دوسرے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے نسیم شاہ اور سعود شکیل نے 64 رنز کی شراکت قائم کی اور انگلش بالرز پہلے سیشن میں 69 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
سیریز کے دیگر 2 ٹیسٹ ملتان (15 سے 19 اکتوبر) اور راولپنڈی (24 سے 28 اکتوبر) میں ہوں گے۔